Al-Risala · March 1983 · page 7

پھر بھی انھیں الفاظ مل گئے

الرسالہ، مارچ ۱۹۸۳، صفحہ ۷

پھر بھی انھیں الفاظ مل گئے

مکہ کے سردار قبیلہ بنی ہاشم سے مطالبہ کرتے تھے کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ان کے حوالے کر دیں تاکہ وہ آپ کو قتل کر دیں۔ مگر بنو ہاشم کے سردار ابو طالب نے کہا: خدا کی قسم محمد کو ہم تمہارے حوالے نہیں کریں گے، یہاں تک کہ ہمارا ایک ایک شخص ہلاک ہو جائے۔ بالآخر نبوت کے ساتویں سال قریش نے بنو ہاشم کے خلاف بائیکاٹ کا معاہدہ لکھا جو کعبہ کے اندر آویزاں کیا گیا۔ اس کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور بنو ہاشم مجبور ہوئے کہ مکہ کے باہر ایک گھاٹی (شعب بنی المطلب) میں پناہ لیں یہ بے حد سخت امتحان تھا۔ گھر کا اندوختہ شروع کے کچھ دنوں میں کام آتا رہا۔ اس کے بعد یہ نوبت آگئی کہ درخت کی جڑوں اور پتوں سے لوگ پیٹ بھرنے لگے۔ باہر کا قافلہ مکہ آتا تو آپ کے ساتھی بازار جاتے کہ کچھ کھانے پینے کا سامان خرید کر لائیں۔ مگر ابو لہب نکل کر تاجروں سے کہتا کہ تم لوگ محمد کے ساتھیوں کو اتنی زیادہ قیمت بتاؤ کہ وہ خریدنے سے عاجز رہیں۔ چنانچہ وہ قیمتیں بہت بڑھا دیتے اور آپ کے ساتھی اس حال میں واپس آتے کہ ان کے بچے بھوک سے رو رہے ہوتے اور ان کا پیٹ بھرنے کے لئے ان کے پاس کچھ نہ ہوتا۔

جب تین سال گزر گئے تو ایسا ہوا کہ دیمک کعبہ کے اندر داخل ہوئی اور مذکورہ ظالمانہ معاہدہ (صحیفہ) کو کھا گئی۔ اللہ کے نام کے سوا اس میں کچھ باقی نہ رہا۔ اللہ تعالیٰ نے بذریعہ وحی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس کی خبر کر دی ۔ آپ نے ابو طالب سے اس کو بیان کیا۔ ابو طالب نے کہا، کیا آپ کے رب نے آپ کو اس سے باخبر کیا ہے ۔ آپ نے فرمایا۔ ہاں۔ اس کے بعد ابو طالب قریش کے پاس گئے اور ان سے کہا کہ میرے بھتیجے نے مجھے بتایا ہے ، اور وہ کبھی جھوٹ نہیں بولتا ، کہ تمہارے صحیفہ پر خدا نے دیمک مسلط کر دی اور وہ اس کی تمام ظلم و جور کی دفعات کو کھا گئی، اب اس میں صرف خدا کا نام باقی رہ گیا ہے، اس لئے تم لوگ کعبہ کا دروازہ کھول کر اس صحیفہ کو دیکھو۔ اگر یہ بات صحیح ہو تو تم کو چاہئے کہ تم اپنے ظلم سے باز آجاؤ۔ قریش کے سردار اس پر راضی ہو گئے۔ انھوں نے کعبہ کا دروازہ کھول کر صحیفہ نکالا تو واقعہ وہ خبر بالکل صحیح تھی جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انھیں دی تھی، مگر اس کے باوجود وہ اپنے ظلم اور سرکشی سے باز نہ آئے اور ابو طالب سے کہا : یہ تمہارے بھتیجے کا جادو ہے (دھن اسحر ابن اخيك)

‹ Previous page Next page › Contents of March 1983 All issues

Printed page