Al-Risala · May 1983 · page 8

مومن کی معاشی زندگی

الرسالہ، مئی ۱۹۸۳، صفحہ ۸

ایک بھی یہاں نہ رہ جاتا تو یہ وادی تمہارے لئے آگ کی وادی بن جاتی ۔ (تفسیر ابن کثیر)

معلوم ہوا کہ یہ اقتصادی غلطی جو مسلمانوں سے ہوئی یہ اتنی بڑی غلطی تھی کہ اس کے جرم میں ان پر پتھر برس سکتا تھا، اور ان کے پاؤں کے نیچے کی زمین ان کے لئے انگارہ بن سکتی تھی، مگر چند آدمیوں کی وجہ سے اللہ نے اپنا رحم فرمایا۔ اللہ نے اس موقع پر مندرجہ بالا آیتیں نازل فرمائیں اور یہ بتایا کہ مسلمانوں کو اپنی روٹی اور معاش کے مسئلہ میں کیا رویہ اختیار کرنا چاہئے ۔ جس سے وہ خدا کے محبوب بن سکتے ہیں اور خدا کے عذاب سے بچ سکتے ہیں۔

اس حیثیت سے جب ہم ان آیتوں پر غور کرتے ہیں تو ہماری معاشی زندگی کے لئے پہلا اصول یہ ملتا ہے کہ جب کبھی ایسا موقع آئے کہ ایک طرف ہماری خرید و فروخت ہو اور دوسری طرف ذکر الہی کی پکار ہو تو ہم خرید و فروخت کو چھوڑ دیں اور ذکر الہی کی طرف دوڑ پڑیں (فَاسْعَوْا إِلَى ذِكْرِ اللَّهِ وَذَرُوا الْبَيْعَ)۔ ہم اپنے معاشی دھندوں میں اسی وقت تک آزاد ہیں جب تک خدا کی کوئی بات ہماری سرگرمیوں سے ٹکرا نہ رہی ہو۔ جب بھی دونوں میں ٹکراؤ پیدا ہو تو لازماً ہمیں خدا کو لینا چاہئے ، نہ کہ معاش کے تقاضوں کو۔

ہماری معاشی زندگی کے لئے دوسرا اصول جو ان آیتوں میں ملتا ہے وہ یہ ہے کہ جب ہم حصول رزق میں مشغول ہوں تو ایسا نہ ہو کہ بس وہی ہمارا سب کچھ بن گیا ہو، بلکہ اس کے ساتھ ہم خدا کو خوب یاد کر رہے ہوں۔ (وَابْتَغُوا مِنْ فَضْلِ اللَّهِ وَاذْكُرُوا اللَّهَ كَثِيرًا) ہمارے دل ودماغ میں خدا بسا ہوا ہو۔ اور ہماری زبان سے بار بار ایسے کلمات ٹپک رہے ہوں جو یہ بتاتے ہوں کہ ظاہری طور پر اگر چہ ہم معاشی دھندے میں مشغول ہیں مگر ہماری توجہ اور ہماری اصل سوچ ہر آن خدا کی طرف لگی ہوئی ہے۔

ہماری معاشی زندگی کا تیسرا اہم اصول وہ ہے جو آخری آیت میں بتایا گیا ہے۔ یعنی ہماری معاشی کامیابیاں یا ہماری زندگی کے لئے معاش کی اہمیت کبھی ہم کو اس دھوکے میں نہ ڈالے کہ یہی سب سے بڑی چیز ہے یا یہی ہماری زندگی کا اصل مسئلہ ہے۔ بلکہ جو کچھ خدا کے پاس ہے اسی کو ہم سب سے بڑی چیز سمجھتے ہوں (مَا عِنْدَ اللَّهِ خَيْرٌ مِنَ اللَّهْوِ وَمِنَ التَّجَارَةِ) نہ معاشی ناکامی ہم کو اس احساس میں مبتلا کرے کہ ہم تو بالکل لٹ گئے، اور اب ہمارے لئے اس دنیا میں کچھ نہیں رہا، اور نہ معاشی کامیابی ہمارے اندر یہ گھمنڈ پیدا کرے کہ ہمیں جو کچھ پانا تھا وہ ہم نے پالیا۔ بلکہ ہر حال میں ہم خدا کی رحمت

‹ Previous page Next page › Contents of May 1983 All issues

Printed page