Al-Risala · May 1983 · page 19

تعمیر کی طاقت

الرسالہ، مئی ۱۹۸۳، صفحہ ۱۹

تعمیر کی طاقت

چینی مفکر کنفیوشس کا قول ہے: "ایک چھوٹا چراغ روشن کرنا اس سے بہتر ہے کہ تم تاریکی کو برا کہو۔ " کیونکہ تاریکی کو برا کہہ کر ہم تاریکی کو دور نہیں کر سکتے۔ لیکن ہم اگر تاریکی میں ایک چراغ جلا دیں تو تاریکی اپنے آپ جاتی رہے گی۔

رات کے وقت اگر آپ کے چاروں طرف اندھیرا پھیلا دیا ہو تو اس کے خلاف لفظوں کا طوفان اٹھا کر آپ اس سے نجات نہیں پاسکتے۔ البتہ اگر آپ ایک شمع حاصل کرکے اس کو جلا دیں تو آپ دیکھیں گے کہ رات کے باوجود آپ کا ماحول روشن ہوگیا ہے۔

برائی کو ختم کرنا ہے تو بھلائی کا آغاز کر دیجئے ۔ آپ کو لوگوں کی طرف سے بدسلوکی کا تجربہ ہو تو آپ ان سے حسن سلوک کے ساتھ پیش آئیے۔ ۔ لوگ ظالم بنے ہوئے ہوں تو آپ انصاف کرنا شروع کر دیجئے ۔ لوگ آپ کے ساتھ امتیاز برت رہے ہوں تو آپ اس پر صبر کر کے اپنی کمیوں کی تلافی میں لگ جائیے ۔ لوگ آپ کو اپنی تنقیدوں کا نشانہ بنائے ہوئے ہوںتو آپ ان کو نظر انداز کر کے اپنے اصل کام میں مصروف ہو جائیے ۔ یہی کسی مسئلہ کو حل کرنے کا واحد طریقہ ہے ۔ اس کے سوا جتنے طریقے ہیں وہ مسئلہ کو الجھانے والے ہیں نہ کہ مسئلہ کو حل کرنے والے۔

ایک مسلم نوجوان ایک مسجد میں امام مقرر ہوئے ۔ اس مسجد کے بارہ میں مشہور تھا کہ یہاں کوئی امام ٹھہرتا نہیں۔ وہاں جتنے امام آئے سب تھوڑے تھوڑے دن کے بعد بیزار ہو کر چلے گئے۔ مسجد کے لوگ اماموں کو بہت کم تنخواہ دیتے تھے ۔ ان کو عزت کی نظر سے تو دیکھنے کا سوال ہی نہ تھا۔ نوجوان کے اندر تعمیری مزاج تھا۔ اس نے سوچا، میرے پیش رو جو چیز مطالبہ کے ذریعہ حاصل نہ کر سکے، میں اس کو انشاء اللہ عمل کے ذریعہ حاصل کروں گا۔ اس نے خاموشی کے ساتھ یہ فیصلہ کیا کہ وہ نہ صرف اپنے مقررہ فرائض کو حسن و خوبی ادا کرے گا، بلکہ فرائض سے زیادہ کام کرنے کی کوشش کرے گا۔ وہ مسجد کی صفائی کا پہلے سے زیادہ اہتمام کرتا۔ مسجد سے ملی ہوئی زمین پہلے خالی پڑی رہتی تھی اب اس نے اس کی صفائی کرکے وہاں سبزی اور پھول لگا دیئے اور آبپاشی اور محنت کرکے اس کو سبزہ زار بنا دیا۔ محلے کے لڑکے جو صبح وشام کھیل کود میں رہتے تھے ان کو مسجد میں بلا کر پڑھانا شروع کر دیا۔ اسی کے ساتھ وہ لوگوں کی تلخ باتوں کا جواب بھی میٹھے انداز میں دیتا۔ وہ لوگوں کی بدسلوکی کے باوجود ان کے ساتھ اچھا سلوک کرتا۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 1983 All issues

Printed page