ایک مومن
الرسالہ، مئی ۱۹۸۳، صفحہ ۳۱
ایک مومن
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا دجال نکلے گا تو مومنین میں سے ایک شخص اس کی طرف جائے گا۔ اس کی ملاقات پہلے دجال کے پہریداروں سے ہوگی۔ وہ اس سے کہیں گے ۔ تمہارا کہاں کا قصد ہے ۔ وہ کہے گا میں اس شخص کی طرف جارہاہوں جو نکلا ہے ۔ وہ لوگ اس سے کہیں گے ، کیا تم ہمارے رب پر ایمان نہیں رکھتے ۔ وہ کہے گا ہمارا رب کوئی چھپا ہوا نہیں ہے ۔ وہ لوگ کہیں گے اس کو مار ڈالو ۔ پھر ان میں کا ایک دوسرے کو کہے گا ، کیا تمہارے رب نے تم کو منع نہیں کیا ہے کہ تم اس کی اجازت کے بغیر کسی کو قتل نہ کرو ۔ اس کے بعد وہ لوگ اس کے ساتھ دجال تک جائیں گے ۔ مومن جب اس کو دیکھے گا تو کہے گا ، اے لوگو یہی وہ دجال ہے جس کا ذکر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کیا تھا ۔ دجال حکم دے گا تو اس مومن کو پیٹ کے بل لٹا دیا جائے گا ۔ پھر دجال کہے گا کہ اس کو پکڑو اور اس کو لہولہان کر دو ۔ پس اس کی پیٹھ اور پیٹ پر خوب مارا جائے گا ، پھر دجال کہے گا ۔ کیا تم مجھ پر ایمان نہیں رکھتے ۔ مومن کہے گا ۔ تو ہی جھوٹا مسیح ہے۔ پھر دجال حکم دے گا تو آرا لایا جائے گا اور اس کا پاؤں چیر کر دو ٹکڑے کر دیا جائے گا ۔ پھر دجال دونوں ٹکڑوں کے درمیان چلے گا اور اس سے کہے گا ، اٹھ تو وہ سیدھا اٹھ کر کھڑا ہو جائے گا ۔ پھر دجال اس سے کہے گا ۔ کیا تم مجھ پر ایمان لاتے ہو۔ مومن کہے گا ، تمہارے بارے میں میرا یقین اب اور زیادہ بڑھ گیا ہے ، پھر مومن کہے گا ۔ اے لوگو، میرے بعد وہ کسی کے ساتھ ایسا نہ کر سکے گا۔ پھر دجال اس کو پکڑے گا تا کہ اس کو ذبح کر دے ۔ مگر اللہ اس کی گردن اور اس کی نسلی کی ہڈی کے درمیان کے حصہ کو تانبہ کا بنا دے گا تو اس پر اس کا بس نہ چل سکے گا ۔ پھر دجال اس کے دونوں ہاتھوں دونوں پیروں کو پکڑے گا اور اس کو پھینک دے گا ۔ لوگ سمجھیں گے کہ دجال نے اس کو آگ میں پھینک دیا۔ حالانکہ در حقیقت وہ جنت میں پھینکا گیا ہوگا ۔ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا یہ رب العالمین کے نزدیک لوگوں کے لئے سب سے بڑی گواہی ہوگی ۔ (مسلم، بخاری)
حدیث میں اس طرح کے جو واقعات ہیں ، ضروری نہیں کہ وہ اسی طرح واقعاتی صورت میں پیش آئیں جس طرح وہ حدیث کے الفاظ میں نظر آتے ہیں ۔ عین ممکن ہے کہ وہ پیش آنے والے واقعہ کی تمثیل ہو۔ اصل واقعہ تمثیل کے روپ میں پیش آنے والا ہو ، اور اس کو حدیث رسول میں واقعاتی روپ میں بیان کر دیا گیا ہو۔