Al-Risala · January 1983 · page 29

ہر چیز میں عبرت اور نصیحت ہے

الرسالہ، جنوری ۱۹۸۳، صفحہ ۲۹

ایک سفر

جمعيۃ الدعوۃ الاسلامیۃ (لیبیا) کی دوسری عالمی کانفرنس ۱۹۸۲ء ۱۹ اگست کو طرابلس میں ہوئی ۔ اس کانفرنس میں شرکت کے لئے مجھے مدعو کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں طرابلس کا سفر ہوا ۔ ۱۴ اگست کو میں طرابلس پہنچا اور ۳۰ اگست تک وہاں قیام رہا ۔ مولانا محمد ہاشم القاسمی بھی اس سفر میں میرے ساتھ تھے۔

جمعيۃ الدعوۃ الاسلامیۃ کے تخیل اور اس کی سرگرمیوں کے بارے میں جو تعارفی کتاب ادارہ کی طرف سے شائع کی گئی ہے ، اس کے ابتدائی الفاظ یہ ہیں :

پہلی دعوتی کانفرنس جو طرابلس میں ۱۳ شوال ۱۳۹۰ھ مطابق ۱۰ دسمبر ۱۹۷۰ء کو ہوئی ، اس کا ایک نتیجہ یہ تھا کہ جمعیۃ الدعوۃ الاسلامیۃ کا قیام عمل میں آیا تاکہ وہ خدا کی طرف اور اس کے سچے دین اسلام کی طرف دعوت دینے کے معاملات کو سنبھالے اور دین اسلام کو آباد دنیا کے تمام لوگوں تک پہنچائے ۔ یہ ایک فرض ہے جو مسلمانوں کے کندھوں پر ان کے بھائیوں کے حق میں ڈالا گیا ہے۔ یہ اسلامی دعوت کی ادائیگی ہے جس کی امت اسلامیہ مکلف ہے جو کہ خیر امت ہے اور لوگوں کے لئے نکالی گئی ہے تاکہ وہ انسان کی خدمت کرے جو حیرت کے اندھیروں میں گم ہے اور اسلام کا محتاج ہے۔ اس امت کی ذمہ داری ہے کہ وہ انسانیت کو حیرانگی اور گمراہی سے نکالے اور اس کو صراط مستقیم کی طرف رہنمائی کرے اور اس کی مشکلات کو حل کرے اور اس کو اس سعادت سے ہم کنار کرے جس کو دنیا کے تمام نظام فراہم کرنے سے عاجز رہے ہیں (عربی سے ترجمہ)

جمعيۃ الدعوۃ الاسلامیۃ کے موجودہ ذمہ دار (امین) ڈاکٹر محمد احمد الشریف ہیں۔ اس ادارہ کے مقاصد میں سے خاص مقاصد یہ ہیں ۔ داعی اور استاد تیار کرنا ، اسلامی دعوت کے اداروں کو تعاون دینا ، قرآن اور دوسری اسلامی کتابیں شائع کرنا۔ جمعيۃ الدعوۃ الاسلامیۃ نے افریقہ، ایشیا، یورپ، امریکہ اور آسٹریلیا میں تقریباً ساڑھے تین سو داعی اور اساتذہ بھیجے ہیں۔ ان لوگوں نے مختلف ملکوں میں ، ہزاروں آدمیوں کو اسلام میں داخل کیا ہے۔ جمعيۃ الدعوۃ نے مختلف ممالک میں مسجدیں اور اسلامی مراکز قائم کئے ہیں اور ایک سو سے زیادہ اسلامی اداروں کو گراں قدر امداد فراہم کی ہے ، بڑی تعداد میں اسلامی کتابیں چھاپ کر ساری دنیا میں تقسیم کی گئی ہیں۔ وغیرہ جمعیۃ الدعوۃ کے تحت ۱۹۷۷ء میں ایک تربیتی کالج قائم کیا گیا جس کا نام کلیۃ الدعوۃ الاسلامیہ ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of January 1983 All issues

Printed page