Al-Risala · September 1983 · page 14

روحانی تہذیب

الرسالہ، ستمبر ۱۹۸۳، صفحہ ۱۴

روحانی تہذیب

بچوں کا ایک کھیل ہوتا ہے جس کا نام جگسا پزل (Jigsaw Puzzle) ہے اس کی صورت یہ ہوتی ہے کہ کسی چیز کی مکمل تصویر کو الگ الگ ٹکڑوں میں کاٹ دیتے ہیں۔ یہ گتے یا پلاسٹک یا لکڑی کے ٹکڑے ہوتے ہیں۔ یہ مختلف انداز کے ٹکڑے بچوں کو دے دئے جاتے ہیں اور کہا جاتا ہے کہ ان کو اس طرح جوڑو کہ فلاں چیز (مثلاً اونٹ) کی صورت بن جائے۔ جو بچہ ٹکڑوں کو جوڑ کر مطلوبہ صورت بنا لے وہ کامیاب کہا جاتا ہے اور جو بچہ مطلوبہ صورت نہ بنا سکے وہ ناکام قرار پا تا ہے۔

ایک اسکول میں بچوں کو جانچنے کے لئے اسی قسم کا ایک کھیل دیا گیا۔ اس میں موٹے گتہ کے بہت سے ٹکڑے تھے۔ ان کو جوڑ کر ہندوستان کا نقشہ بنانا تھا۔ بچے ٹکڑوں کو ادھر ادھر جوڑتے رہے۔ مگر ہندوستان کی مکمل تصویر کسی طرح نہ بن پاتی تھی۔ آخر ایک طالب علم کے ذہن میں ایک خیال آیا، ممکن ہے ان ٹکڑوں میں کہیں کوئی اشارہ موجود ہو! یہ سوچ کر اس نے ایک ٹکڑے کو الٹ کر دیکھا تو اس کے پیچھے ہلکی سیاہی سے ” آسام “ لکھا تھا۔ اب اس کو ایک سراغ مل گیا۔ اس کے بعد اس نے مزید ٹکڑے الٹے تو ہر ایک پر ملک کی کسی نہ کسی ریاست کا نام دھندلے حروف میں درج تھا۔ اب وہ راز کو سمجھ گیا۔ اس نے جان لیا کہ ہر ٹکڑا کسی نہ کسی متعین ریاست کی نمائندگی کر رہا ہے۔

بچہ کے ذہن میں ہندوستان کے مجموعی نقشہ کا تصور پہلے سے موجود تھا۔ اس نے اس اجمالی تصور کے مطابق ٹکڑوں کو جوڑنا شروع کیا۔ اب فوراً ہی ہندوستان کا نقشہ بن کر تیار تھا۔ یہ طالب علم کامیاب ہوا اور بقیہ تمام طالب علم ناکام قرار دیدے گئے۔

ایسا ہی کچھ معاملہ اس دنیا کا ہے جس کے بنانے والے نے اس کو بنا کر انسان کو یہاں رکھا ہے۔ یہ دنیا بھی ایک قسم کا جگسا پزل کا کھیل ہے۔ انسان کا امتحان یہی ہے کہ وہ یہ کھیل کھیلے اور اس میں کامیابی حاصل کرے۔

انسان کو مشین کی ضرورت تھی۔ اس کو خود کار سواریوں کی ضرورت تھی۔ اس کو آرام دہ مکانات کی ضرورت تھی۔ اس کو بے شمار دوسری مادی چیزیں درکار تھیں۔ مگر قدرت نے ایسا نہیں کیا کہ ان چیزوں کو بنا بنایا آسمان سے اتار دے۔ اس دنیا میں ہوا اور پانی اور روشنی جیسی چیزیں تو موجود ہیں مگر ٹائپ رائٹر موٹر کار اور رہائشی بنگلے کہیں تیار شدہ حالت میں موجود نہیں۔ ان چیزوں کو آدمی خود بنا کر تیار کرتا ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of September 1983 All issues

Printed page