دوبارہ زمین پر
الرسالہ، اکتوبر ۱۹۸۳، صفحہ ۱۳
حاضر رہنا ، پھر نہایت پر سکون رہ کر یا اللہ یا اللہ کرتے رہنا اس بات کی علامت ہے کہ یہ عام معنوں میں محض ایک حادثہ نہ تھا بلکہ ایک تجربہ تھا۔ گویا کہ انسان کی کامل بے اختیاری کو مجھے اپنی آنکھوں سے دکھایا گیا۔ میں نے انسان کی اس ہستی کو دریافت کیا جو مادی قوانین کے پرے ہے۔ اسی کے ساتھ میں نے گویا اس خدا کو براہ راست دیکھا جو قادر مطلق ہے۔ بجلی کا سوچ دُنیا میں خواہ بند نہ ہو مگر وہ اوپر سے اس کو بند کر سکتا ہے۔ شاید بجلی کے حادثات کی تاریخ میں یہ پہلا واقعہ تھا کہ اتنے کامل طور پر بجلی کی گرفت میں آجانے کے با وجود میں موت سے بچ کر نکل آیا۔ اس دوران مجھ کو جو لطیف تجربات ہوئے اس کے اعتبار سے دیکھئے تو گویا کہ میں روحانی دنیا میں جاکر مادی دنیا میں واپس آگیا۔ میں آسمان کے اوپر پہنچ کر دوبارہ زمین کی طرف لوٹ آیا۔ میں نے انسان کے فانی وجود کے اندر ایک باقی وجود کا تجربہ کیا۔
۲۸ فروری کی شام سے لے کر ۵ مارچ ۱۹۸۲ کی شام تک میں ہمدرد نرسنگ ہوم میں رہا۔ اسپتال کی زندگی کا یہ میرا پہلا تجربہ تھا۔ میرے گھر والوں کے لئے بھی یہ نئی افتاد تھی ۔ میرے لڑکے ثانی اتنین خان کا پہلے دن یہ حال تھا کہ وہ میرے کمرہ کے تخت پر ساری رات سر جھکائے بیٹھے رہے۔ ٹھنڈ کے با وجود بستر پر لیٹنے کی نوبت نہیں آئی۔
اسپتال خواہ کتنا اچھا اور صاف ستھرا ہو ، بہر حال وہ مریضوں اور آفت زدہ لوگوں کی دنیا ہے ۔ میں اپنے علیحدہ کمرے میں اگرچہ دوسرے مریضوں سے بالکل دور تھا ۔ مگر خود یہ تصور میرے لئے وحشت ناک تھا کہ ” میں اسپتال میں ہوں ، یہاں کے زمانہ قیام میں مشکل سے کوئی دن ایسا گزرا ہو گا جب کہ میں نے شوق سے کچھ کھایا پیا ہو۔ جناب رام رتن کپسلا(KAPSONS) ازراہ عنایت روزانہ گائے کا خالص دودھ اور تازہ گھی اہتمام کے ساتھ بھیجتے تھے۔ مگر ان کو بھی استعمال کرنے کی نوبت کم ہی آتی تھی ۔
نرسنگ ہوم میں روزانہ کئی ڈاکٹر مجھ کو دیکھنے آتے تھے۔ صبح و شام دوائیں کھلائی جاتی تھیں۔ اور دونوں وقت زخم کی صفائی اور ڈریسنگ ہوتی تھی۔ مگر تمام تر توجہ کے با وجود یہاں کے علاج سے مجھے کوئی خاص فائدہ نہ ہوسکا۔ ڈاکٹر عزیز (ایف آرسی ایس) نے گریٹنگ کا مشورہ دیا مگر میں اس کے لئے راضی نہ ہوا۔ ڈریسنگ سے صرف یہ ہوا کہ زخم کے مردہ خلیا ت نکلتے رہے۔ یہاں تک کہ یہ نوبت آئی کہ زخم اتنا گہرا ہو گیا کہ اندر کی رگیں نظر آنے لگیں۔
‹ Previous page Next page › Contents of October 1983 All issues