Al-Risala · October 1983 · page 43

حیدر آباد میں پروگرام کی تفصیل

الرسالہ، اکتوبر ۱۹۸۳، صفحہ ۴۳

پریس کا نفرنس سے خطاب (حیدر آباد ۱۲ نومبر ۱۹۸۲)

ہماری یہ پریس کانفرنس معروف معنوں میں کوئی پریس کانفرنس نہیں ہے۔ پریس کانفرنس عام طور پر عوامی ایشوز پر ہوتی ہے۔ اور آپ کو معلوم ہے کہ ہمارے پاس اس قسم کا کوئی اشو موجود نہیں ۔ یہ دراصل ایک قسم کی صحافتی ملاقات ہے ۔ اسلامی مرکز کے تعمیری مشن کے تحت ہم ہر طبقہ کے لوگوں تک اپنا پیغام پہنچاتے ہیں ۔ ہمارے ساتھیوں کو خیال ہوا کہ یہاں کی صحافی برادری تک بھی اسے پہنچایا جائے ۔ کیونکہ موجودہ زمانہ میں صحافت گویا عوام کی آنکھ ہے جس سے وہ دیکھتے ہیں ۔ وہ عوام کا دماغ ہے جس سے وہ سوچتے ہیں ۔

صحافت ہمارے ملک میں اگرچہ زیادہ ترقی یافتہ نہیں ، تا ہم اصولی طور پر صحافت موجودہ زمانہ کی سب سے بڑی قوت ہے ۔ مغربی ملکوں میں صحافت کا یہ حال ہے کہ وہ حکومت کے متوازی ایک مستقل قوت بن چکی ہے۔ ان ملکوں میں صحافت اگر کسی صدر حکومت یا وزیر اعظم کی مخالف ہو جائے تو وہ اس کی مخالفت کو نظر انداز کر کے نہیں رہ سکتا ۔ مغرب میں صحافت کی قوت کی ایک مثال سابق صدر امریکہ مسٹرچر ڈنکسن کے سیاسی زوال (۱۹۷۳ء) کی صورت میں ہم دیکھ چکے ہیں ۔ مگر مجھے یہ کہنے کی اجازت دیجئے کہ صحافت کی قوت ابھی تک صحیح رخ پر استعمال نہیں ہو سکی ہے ۔ یہ قوت اگرچہ آج پوری طرح انسان کے ہاتھ میں آچکی ہے ۔ مگر ابھی تک اس کو انسان کی اصلاح کے لئے موثر طور پر کام میں نہ لایا جا سکا۔ اس بات کی وضاحت کے لئے ایک مثال لیجئے : میں جس ہوائی جہاز پر دہلی سے حیدر آباد آیا ہوں ، فرض کیجئے کہ وہ اسرائیل یا امریکہ کا جہاز ہوتا اور میں اس کو ہائی جیک کرکے حیدر آباد میں اتارتا اور پھر میری پریس کانفرنس کا اعلان کیا جاتا تو یقیناً موجودہ کانفرنس سے بہت زیادہ بڑی کانفرنس کا منظر یہاں دکھائی دیتا۔ حتی کہ بیرونی ملکوں کے اخباری نمائندے تیزی سے روانہ ہو کر دہلی سے حیدر آباد پہنچتے تاکہ اس کا نفرنس کو Cover کر سکیں۔ حالانکہ ہم سب جانتے ہیں کہ ہائی جیکنگ سے زیادہ بے فائدہ کام اور کوئی نہیں ۔ مگر آج اسی کا نام صحافت ہے ۔ حقیقت کی دنیا میں جو چیز بالکل غیر اہم ہے ، وہ پریس کی دنیا میں سب سے زیادہ اہم بن جاتی ہے۔ کیوں ، اس لئے کہ اس کے اندر وہ چیز ہے جس کو اخباری اصطلاح میں نیوز ویلو (News Value) کہا جاتا ہے ۔

‹ Previous page Next page › Contents of October 1983 All issues

Printed page