Al-Risala · December 1983 · page 15

چڑیا اور انسان

الرسالہ، دسمبر ۱۹۸۳، صفحہ ۱۵

چڑیا اور انسان

سالم علی (عمر ۸۷سال) چڑیوں کے مطالعہ کے سب بڑے ماہر ہیں۔ ابھی وہ صرف دس سال کے تھے کہ انہیں چڑیوں کے مطالعہ سے دلچسپی ہوگئی۔ انھوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ اس طرح گزارا ہے کہ ہاتھ میں دوربین ہے۔ ایک کندھے سے کیمرہ لٹک رہا ہے اور دوسرے کندھے میں ایک بیگ ہے جس میں ضروری سامان رکھے ہوئے ہیں اور وہ بستی سے باہر چڑیوں کے مشاہدہ اور مطالعہ میں مصروف ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ انھوں نے اس سلسلے میں جواہر لال نہرو سے بھی زیادہ سفر کئے۔ حتیٰ کہ لوگ انہیں چڑیا والا (Birdman) کہنے لگے۔ اس فن میں مہارت کی وجہ سے ان کو بہت سے ملکی اور غیر ملکی انعامات مل چکے ہیں۔

ہندوستان میں دو ہزار سے زیادہ اقسام کی چڑیاں پائی جاتی ہیں۔ سالم علی نے ان کا مطالعہ کر کے بہت سی کتا بیں لکھی ہیں۔ ان کی ایک کتاب کا نام The Handbook of Indian Birds ہے۔ یہ کتاب انھوں نے ۲۰ سال کے مطالعہ کے بعد لکھی۔

ایک اخبار کا نمائندہ بمبئی میں ان کے مکان پر ان سے ملا۔ اس نے سالم علی کو نہایت شریف اور مہذب انسان پایا۔ اس کا خیال ہے کہ سالم علی میں یہ غیر معمولی شرافت چڑیوں کے مطالعہ سے آئی ہے۔ اس نے اپنی رپورٹ (ٹائمس آف انڈیا ۲۵ ستمبر ۱۹۸۳ ) میں لکھا کہ انسان کو زیادہ انسانیت والا بنانے کے لئے غالباً یہ تجویز کیا جانا چاہئے کہ چڑیوں کے مطالعہ کو داخل نصاب کر دیا جائے : Perhaps a course in bird-watching should be recommended to make men more human. دنیا میں بے شمار قسم کی چڑیاں اور جانور پائے جاتے ہیں۔ قدیم زمانہ کا انسان ان کے بارے میں بہت کم جانتا تھا۔ مگر موجودہ زمانہ میں زمین پر پائے جانے والے مختلف جانوروں کا وسیع مطالعہ کیا گیا ہے اور ان سے متعلق معلومات جمع کی گئی ہیں۔ جانوروں کے طرز زندگی سے انسان کو باخبر کرنے کے لئے آج کل مختلف ذریعے کئے گئے ہیں۔ جانوروں کے کھلے پارک اور چڑیا گھر قائم کرنے کا ایک مقصد یہ بھی ہے۔ حتیٰ کہ اب بہت سی یونیورسٹیوں میں جنگلی جانوروں کی زندگی کے مضامین باقاعدہ نصاب میں شامل کئے گئے ہیں۔ جانوروں میں انسان کے لئے بہترین نمونے موجود ہیں۔ ہر جانور نہایت صحیح فطری زندگی گزارتا ہے۔ جب کہ انسان بار بار فطرت کے راستہ سے ہٹ جاتا ہے۔ انسان اگر جانوروں کی تقلید کرے تو یہی اس کی نجات کے لئے کافی ہو جائے۔

‹ Previous page Next page › Contents of December 1983 All issues

Printed page