کتاب محفوظ
الرسالہ، دسمبر ۱۹۸۳، صفحہ ۱۶
کتاب محفوظ
ایک کاتب صاحب کو ایک کتاب کا مسودہ کتابت کے لئے دیا گیا۔ اس مسودہ میں ایک جگہ محدث ابو داود کا نام تھا۔ کاتب صاحب ابو داود سے واقف نہ تھے۔ البتہ وہ ابو داؤد کو جانتے تھے۔ چنانچہ انہوں نے ابو داود کی جگہ ابو داؤد لکھ دیا۔ اسی طرح ایک مضمون میں ایک جگہ ہیلی کاپٹر کا لفظ تھا ۔ کاتب صاحب اس کو سمجھ نہ سکے۔ انہوں نے اصل لفظ کی جگہ اہلی کا پٹر لکھ دیا۔ اس قسم کی غلطیوں کی مثالیں بہت عام ہیں۔ ایک آدمی کسی مضمون کو پڑھ رہا ہے یا اس کو نقل کر رہا ہے۔ اس درمیان میں ایک ایسا جملہ آتا ہے جس کو وہ سمجھ نہیں پاتا۔ چنانچہ اس کو وہ اپنے ذہن کے مطابق بدل کر کچھ سے کچھ کر دیتا ہے۔ حتیٰ کہ ایسے بھی لوگ ہیں جو کسی ذاتی غرض کے تحت اصل متن میں بالقصد تبدیلی کرتے ہیں اور اپنی طرف سے اس میں ایسی باتیں شامل کر دیتے ہیں جو اصل کتاب میں اس کے مصنف نے شامل نہ کی تھیں۔
پچھلی آسمانی کتابوں میں جو تحریفات ہوئی ہیں ان کی وجہ انسان کی یہی کمزوری ہے۔ قرآن میں ہے کہ خدا نے زمین و آسمان کو سات دنوں (ایام) میں پیدا کیا۔ یہی بات بائبل میں اس طرح ہے کہ ساتوں دن کی الگ الگ تفصیل ہے۔ ہر دن کی تخلیقات کا ذکر کرنے کے بعد اس میں یہ فقرہ ملتا ہے " اور شام ہوئی اور صبح ہوئی " ، یہ فقرہ یقینی طور پر مذکورہ بالا ذہن کے تحت انسان کا اضافہ ہے۔ کسی بزرگ نے بطور خود بائبل کے جملہ کو مکمل کرنے کے لئے یہ الفاظ بڑھا دیئے۔ قرآن کے الفاظ میں یہ گنجائش ہے کہ دن کو ر (Period) کے معنی میں لے سکیں۔ مگر بائبل میں مذکورہ فقرہ کے اضافہ نے اس کو دور کے معنی میں لینا نا ممکن بنا دیا۔
بائبل میں اس طرح کی مثالیں بہت ہیں۔ حتیٰ کہ بعض مثالیں نہایت بھونڈی ہیں۔ مثلاً قرآن میں ہے کہ حضرت موسیٰ کو خدا نے یہ معجزہ دیا کہ وہ اپنا ہاتھ نکالیں تو وہ چمکنے لگے ۔ مگر بائبل میں اس کا ذکر ہے تو وہاں یہ الفاظ لکھے ہوئے ہیں: پھر خدا وند نے موسیٰ سے کہا کہ تو اپنا ہاتھ اپنے سینہ پر رکھ کر ڈھانک لے۔ اس نے اپنا ہاتھ اپنے سینہ پر رکھ کر اسے ڈھانک لیا۔ اور جب اس نے اسے نکال کر دیکھا تو اس کا ہاتھ کوڑھ سے برف کی مانند سفید تھا (خروج بک)، بائبل کے اس فقرہ میں دو کوڑھ سے" یقینی طور پر بعد کے لوگوں کا تشریحی اضافہ ہے۔ قرآن کے الفاظ کے مطابق حضرت موسیٰ کے ہاتھ کا چمکنا خدائی سبب سے معلوم ہوتا ہے اور بائبل کے الفاظ کے مطابق مرض کے سبب سے۔
‹ Previous page Next page › Contents of December 1983 All issues