Al-Risala · January 1984 · page 22

It is a case of the living envying the dead

الرسالہ، جنوری ۱۹۸۴، صفحہ ۲۲

جلد ہی موت کا شکار ہو جائیں گے۔ کیوں کہ زمین ان کے سانس لینے کے لئے زہریلی گیس ہوگی۔ نیز غیر معمولی ٹھنڈ، اندھیرا اور ریڈیائی تابکاری۔ ایٹمی جنگ اگر چہ مدت کے اعتبار سے تاریخ کی مختصر ترین جنگ ہوگی مگر اپنے بعد وہ ایسی دنیا چھوڑے گی جس میں انسان جیسی مخلوق زندہ نہیں رہ سکتی۔ انسانیت کی بچی ہوئی نسل زمین پر سخت ٹھنڈک کی وجہ سے مفلوج ہو جائے گی اور تاریکی کی بنا پر تمام موجودہ سرگرمیاں ختم ہو جائیں گی۔ فضا میں دھوئیں اور گرد کی وجہ سے سورج کی شعائیں سطح زمین پر نہیں پہنچیں گی۔ ٹمپریچر خطرناک حد تک کم ہو جائے گا اور زمین ایٹمی سردی (Nuclear winter) کے حوالے ہو جائے گی۔

امریکہ اور روس کے پاس جو دور مار میزائل ہیں ان کی مجموعی مقدار تقریباً پانچ ہزار میگاٹن ہے۔ اگر ایٹمی جنگ میں یہ سب کے سب استعمال ہو جائیں تو زمین کے تقریباً نصف حصہ پر کم از کم عارضی طور پر برفانی دور (Ice age) جیسے حالات پیدا ہو جائیں گے۔ ایٹمی جنگ کے بعد زمین پر جو حالات پیدا ہوں گے وہ مذکورہ تحقیق کے مطابق مختصر طور پر یہ ہیں:

۲۲۵ ملین ٹن دھواں فضا میں داخل ہو گا۔ یہ دھواں اتنا زیادہ ہے کہ وہ زمین کے بڑے حصہ کو ڈھانک لینے کے لئے کافی ہے، اس کے نتیجہ میں یہ ہوگا کہ زمین تک پہنچنے والی سورج کی شعائیں تقریباً ۹۰ فی صد تک آنے سے رک جائیں گی۔

زمین کا تقریباً نصف حصہ بالکل رات کی طرح تاریک ہو جائے گا۔ ٹمپر یچر نقطہ انجماد سے نیچے آجائے گا اور یہ حالت تقریباً تین مہینے تک باقی رہے گی۔

سورج کی شعاعوں کے زمین تک نہ پہنچنے سے فوٹو سنتھی س (Photo-synthesis) کا عمل رک جائے گا جس کی وجہ سے پودے اس قابل ہوتے ہیں کہ وہ سن لائٹ کو انرجی میں تبدیل کر سکیں۔ یہ وہ کلیدی عمل ہے جو زندگی کے لئے مدد گار ہے۔ اس کے نتیجہ میں زمین پر پودے ختم ہو جائیں گے اور اسی کے ساتھ وہ جاندار بھی جو پودوں پر پرورش پاتے ہیں۔

جب تاریکی اور ٹھنڈ ختم ہوگی تو ایک اور شدید خطرہ پیدا ہو جائے گا۔ ایٹمی دھماکوں سے پیدا ہونے والے کیمیائی رد عمل کا یہ نتیجہ ہو گا کہ فضا میں اوزون کی تہ Ozone layer موجودہ شکل میں باقی نہ رہے گی۔ اوزون گیس کی یہ تہ سورج کی نقصان دہ الٹرا وائلٹ شعاعوں کو زمین پر آنے سے روکتی ہے۔ چنانچہ الٹرا وائلٹ شعاعوں کی آمد کی وجہ سے حیاتیاتی اجسام شدید طور پر متاثر ہوں گے۔ جو انسان ایٹمی عذاب سے بچیں گے وہ بعد کو ان مہلک شعاعوں کی وجہ سے اندھے ہو جائیں گے۔

‹ Previous page Next page › Contents of January 1984 All issues

Printed page