مستقبل کی طرف
الرسالہ، مئی ۱۹۸۴، صفحہ ۳۷
مستقبل کی طرف
ایک مسلم خاندان اجمیر جاتے ہوئے دہلی اترا اور چند روز یہاں رہ کر اجمیر کے لئے روانہ ہوا۔ بچوں کی شکل ، ان کے معمولی کپڑے اور ان کی بات چیت سے ظاہر ہوتا تھا کہ یہ کوئی جاہل اور غریب خاندان ہے۔ بچوں کی ماں کبھی کبھی کسی ضرورت سے ہمارے یہاں آجاتی تھی۔ ۳۰ اگست ۱۹۷۰ کو اجمیر کے لئے روانگی سے پہلے وہ ہمارے یہاں آئی۔ اپنئے گھر کے حالات بتاتے ہوئے خاتون نے کہا: ” ایک لڑکا ہے۔ میٹرک میں اس کو بیالوجی دلا دی تھی۔ اب ڈاکٹری میں داخل کر دیا ہے۔ مسلمان تو آجکل بھی مچھھر ہورہے ہیں۔ پڑھ لیں تو شاید وہ بھی کسی کام کے ہوجائیں۔ “ غریب اور جاہل عورت کی زبان سے یہ الفاظ سن کر مجھے ایسا لگا کہ جیسے میں مسلمانوں کے مستقبل کے بارہ میں تاریخ کا فیصلہ سن رہا ہوں۔ مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے ملک کے حالات نے یہاں کے مسلمانوں کو ایک نے فیصلہ تک پہنچا دیا ہے، ایسا فیصلہ جو اتنا عام ہے کہ ایک جاہل اور غریب عورت تک اس کا اثر پہنچا ہے۔
اسپرنگ کو آپ جتنا دبائیں اتنی ہی زیادہ طاقت کے ساتھ وہ ابھرنے کی کوشش کرتی ہے۔ ایسا ہی کچھ معاملہ انسان کا ہے۔ حالات خواہ کتنے ہی سخت ہوں وہ کبھی انسان کو ختم کرنے میں کامیاب نہیں ہوتے ہر سختی آدمی کے اندر نیا حوصلہ پیدا کرتی ہے۔ ہر کاوٹ آدمی کے عمل کے جذبہ کو نئی طاقت کے ساتھ ابھار دیتی ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ ناموافق حالات آدمی کو ختم نہیں کرتے بلکہ اس کو نئی زندگی دے دیتے ہیں۔
یہ درحقیقت شکست نہیں ہے جو آپ کو نا کام بناتی ہے بلکہ یہ صرف آپ کی نااہلی ہے کہ آپ شکست میں رہنمائی اور کامیابی کا محرک نہ پاسکیں۔ شکست کوئی شرم کی بات نہیں۔ وہ ہر اس شخص کی زندگی کے معمولی واقعات ہیں جو کامیابی کی راہ پر بڑھے۔ شکست صرف اس وقت نقصان کی چیز ہے جب کہ احساس ذلت کے بغیر آپ اس کا سامنا کرنے کا حوصلہ نہ رکھتے ہوں، جب آپ اس کا تجزیہ نہ کریں اور یہ نہ سیکھیں کہ آپ جو کچھ چاہتے تھے اس کو آپ کیوں نہ حاصل کر سکے۔
کوئی بھی دوسری چیز ہمارے اندر کامیابی حاصل کرنے کا اتنا شدید جذبہ نہیں ابھارتی جتنا شکست شکست آپ کو ہر بار ایک زیادہ بڑی اور نئی قوت عطا کرتی ہے۔ اگر آپ اس قوت کو حاصل کر سکیں جو شکست دیتی ہے تو آپ اس سے زیادہ کامیاب رہ سکتے ہیں جو پرسکون حالات میں آپ کے لئے ممکن تھا۔ شکست اگر آپ کے اندر دوبارہ کامیابی حاصل کرنے کا عزم پیدا کرے تو کوئی بھی چیز آپ کی اگلی جدوجہد کو کامیابی تک پہنچنے سے روک نہیں سکتی۔