Al-Risala · May 1984 · page 30

دعوتی قوت

الرسالہ، مئی ۱۹۸۴، صفحہ ۳۰

کرنے کا کام

یہ ۱۹۲۰ء کا زمانہ ہے جب کہ خلافت اور ترک موالات کی تحریک شروع ہوچکی ہے اور تمام بڑے بڑے مسلمان لیڈر سرگرمیوں کے آسمان پر نظر آتے ہیں۔ اس زمانہ میں مولانا ابوالکلام آزاد اپنے ایک مضمون میں لکھتے ہیں:

"مجھے کس قدر حیرت ہوئی جب میں نے رابندر ناتھ ٹیگور کا ایک آرٹیکل (فلاسفی آف انڈین ہسٹری) دیکھا جو ماڈرن ریویو میں نکلا تھا۔ اس میں وہ اس بات کی مثال دیتے ہوئے کہ مذہب کے بڑے آدمی خود معبود بن گئے ہیں۔ کرشن، مسیح اور چین کے ساتھ محمد کا بھی ذکر کرتے ہیں۔ یعنی کرشن اور مسیح کی طرح محمد کی بھی پرستش مسلمانوں کے یہاں ہوتی ہے۔ میں نے کہا کہ ہندوستان کا عظیم الشان شاعر جو امریکہ کی سیاحت سے واپس آرہا ہے اسے ان لوگوں کا ایک مشہور عقیدہ بھی نہیں معلوم جو خود اس کے اپنے گھر میں بستے ہیں۔ مسلمانوں کے اعتقاد میں جو انسان محمد یا کسی اور انسان کو معبود سمجھے وہ مسلمان باقی نہیں رہتا۔ ایک دہقانی مسلمان بھی جانتا ہے کہ اس کا پیغمبر انسان تھا۔ اسلام کا اصل مشن انسانی پرستش کو مٹادینا ہے۔ اسی طرح جب میں بنکم چندر چٹرجی کے تاریخی ناول دیکھتا ہوں تو ہندوستان کی اسلامی تاریخ سے ان کی بے خبری دیکھ کر متعجب ہو کر رہ جاتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ مسلمانوں کے مذہب اور تاریخ سے ایک ہندو اتناہی نا واقف ہے جتنا کہ ایک امریکن۔ (ذکر آزاد۔ از مولانا عبد الرزاق ملیح آبادی)

مولانا ابوالکلام آزاد نے ٹیگور اور چٹرجی جیسے لوگوں پر تعجب کیا ہے۔ حالانکہ اصل تعجب کے قابل خود مولانا آزاد اور ان کے جیسے دوسرے اکابر ہیں، جو آزادی وطن اور قومی حکومت جیسے مقاصد کے لئے زندگی بھر سرگرم رہے۔ ان کی سمجھ میں یہ نہ آیا کہ اصل کام اسلام کے صحیح تعارف کا ہے نہ کہ آزادی اور قومیت کا جھنڈا بلند کرنے کا آج کا انسان اس مذہب کی تلاش میں ہے جس میں انسان کو خدا نہ بنایا گیا ہو۔ جس میں خدا کو خدا کی جگہ رکھا گیا ہو اور انسان کو انسان کی جگہ۔ مگر یہی وہ کام ہے جس کو مجاہدین اسلام میں سے کوئی بھی کرنے کے لئے نہیں اٹھتا۔

دنیا اگر خدا کے سچے دین سے بے خبر ہے تو سوال یہ ہے کہ اس صورت حال کی ذمہ داری کس کے اوپر ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اس کی ذمہ داری ان لوگوں پر نہیں ہے جو بے خبر ہیں۔ بلکہ اس کی ذمہ داری ان لوگوں پر ہے جو اس سے باخبر تھے مگر انھوں نے بے خبروں کو خبردار نہ کیا۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 1984 All issues

Printed page