Al-Risala · June 1984 · page 22

سب سے زیادہ خطر ناک

الرسالہ، جون ۱۹۸۴، صفحہ ۲۲

پونہ کے سفر کے بعد وہاں کا ایک خط مورخہ ۴ جنوری ۱۹۸۴ موصول ہوا۔ یہ خط یہاں نقل کیا جار ہا ہے :

عالی جناب مولانا صاحب، آپ کو دوبارہ پونہ کا سفر کرنا چاہئے۔ کیوں کہ آپ کے پونہ آنے سے پہلے یہاں الرسالہ صرف ۲۰ کی تعداد میں آتا تھا۔ اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ اب الرسالہ ۱۰۰ کی تعداد میں پونہ آ رہا ہے۔ دوسری کتابوں کی مانگ بھی کافی ہے۔ چنانچہ اس دوران میں کئی بار میں زیادہ زیادہ کتابیں مکتبہ الرسالہ سے منگا چکا ہوں۔ نیز یہ کہ آپ کی آواز کی ٹیپ کی ضرورت ہے۔ اگر آپ آجائیں تو میں آپ کی تقریروں کے کیسٹ تیار کرلوں گا اور لوگوں کو ایک جگہ جمع کرکے ان کو سنانے کا بندوبست کروں گا۔

پونہ کے مقامی اخبار الانصار میں ”پیغمبر انقلاب“ کے انعام کی خبر چھپی تھی۔ اسی کے ساتھ آپ کا مضمون ” یہ اختلاف کیوں “ بھی شائع کرایا تھا۔ اس کو الرسالہ سے نقل کرنے میں غلطی ہوسکتی تھی، اس لئے میں نے یہ کیا کہ اس کی ایک فوٹو کاپی نکلوانی اور وہی اخبار کے کاتب کو دے دیا۔ آپ کے جانے کے بعد پونہ میں ہفتہ وار اجتماع برابر ہو رہا ہے۔ میں اپنے ساتھیوں سے کہتا ہوں کہ الرسالہ کو خوب پھیلاؤ۔ الرسالہ کی ایجنسی آخرت کی ایجنسی ہے اور آخرت کی ایجنسی ہر طرح سے بے ضرر اور فائدہ مند ہے۔ جب میرے دل میں یہ تقدس شامل ہو گیا تو اب مجھے کام کرنا آسان ہو گیا۔

ربیع الاول میں پونہ میں ہر سال بڑے پیمانے پر سیرت النبی کا جلسہ ہوتا ہے اور مختلف تقاریب منائی جاتی ہیں۔ اس کی ایک نشست میں جس میں غیر مسلم صاحبان بھی موجود تھے میں نے آپ کا ایک مضمون ” ظہورِ اسلام“ سے پڑھ کر سنایا۔ اس کے علاوہ ہم نے اسلام کے تعارف پر انگریزی میں ایک دو ورقہ خاص اہتمام سے چھپوایا اور اس کو تقسیم کیا۔ اس دو ورقہ کو ڈاک سے بھی خاص خاص لوگوں کو بھیجا گیا ۔ مثلاً گورنر مہاراشٹر، وزیر اعلٰی مہاراشٹر۔ ضلع پونہ کے سات ممبران پارلیمنٹ، ضلع پونہ کے سات ایم ایل سی۔ ضلع پونہ کے چودہ ایم ایل اے ۔ پونہ کارپوریشن کے 75 ممبران ۔ پونہ کیمپ بورڈ کے ۸ ممبران۔ پونہ کے روز ناموں کے ایڈیٹر صاحبان ۔ پونہ کے محکمہ تعلیمات کے افسران ۔ پونہ کے محکمہ پولیس کے افسران ۔ پونہ کے تعلیمی اداروں کے سربراہان۔ نیز ضلع پونہ کے مراٹھی دانشور اور اہل فکر حضرات کو مجموعی طور پر چار سو کی تعداد میں روانہ کئے گئے۔ اس کے علاوہ ” ٹیچنگ آف اسلام“ اور ” محمد دی آئیڈیل کیریکٹر“ یہ دونوں انگریزی کتابیں بھی غیر مسلم حضرات کو تقسیم کی گئیں۔ عبدالصمد

‹ Previous page Next page › Contents of June 1984 All issues

Printed page