Al-Risala · June 1984 · page 24

سب سے زیادہ خطر ناک

الرسالہ، جون ۱۹۸۴، صفحہ ۲۴

ایک اور خط ۲۹ مارچ ۱۹۸۴ کا لکھا ہوا موصول ہوا ہے جو یہاں نقل کیا جاتا ہے: مولانا محترم، السلام علیکم! حیدر آباد کے سفر کے بعد سے دہلی آپ کو تین مرتبہ فون کیا لیکن آپ کے سفر میں ہونے کی وجہ سے بات نہ ہوسکی۔ قابل ذکر یہ ہے کہ آپ کا ایک مقالہ جو دسمبر ۱۹۸۳ء بعنوان ”منزل کی طرف“ چھپا تھا۔ اس کو آپ نے آریہ سماج الہ آباد کے ایک جلسہ میں پیش کیا تھا جو سرو دھرم سمیلن کے عنوان سے ۲۲ مئی ۱۹۶۰ کو ہوا تھا۔

یہ مقالہ یہاں پونہ کے کچھ احباب کو بہت پسند آیا۔ جس کا ذکر میں نے آپ سے حیدر آباد کی ملاقات کے وقت بھی کیا تھا۔ اس مقالہ میں دیگر مذاہب کی تعلیمات کے ساتھ اسلام کا تعارف بھی ہے۔ اور عام انسانوں کے لئے دعوت بھی۔ اس بنا پر ہم نے مہاراشٹر کی خاص زبان مراٹھی میں اس کا ترجمہ کیا چھپائی کا انتظام بھی معیاری کرنے کا طے ہوا ہے۔ جو انشاء اللہ آپ کے مزاج کے مطابق ہوگا۔ مقالہ کا ترجمہ ۱۶ سے ۱۸ صفحہ الرسالہ کی سائز جیسا ہوگا۔ پانچ ہزار کاپی چھاپنا طے کیا گیا ہے۔ جس کا خرچ تقریباً تین ہزار روپیہ آئے گا جو کچھ احباب مل کر اٹھا رہے ہیں۔ اس کی تقسیم اس طرح ہوگی۔ اخبار کے ایڈیٹر حضرات، رائٹر، دانشور، تمام مراٹھی لائبریریاں وغیرہ۔ یہ کام پورے مہاراشٹر میں ہوگا۔ یہ تقسیم ہم پوسٹ کے ذریعہ کرنے والے ہیں۔

مقالہ کا ترجمہ ہو چکا ہے لیکن یہاں کے زبان داں حضرات کے سامنے پڑھنے کا سلسلہ جاری ہے۔ تا کہ ترجمہ کا معیار معلوم ہو سکے۔ آپ کی گراں قدر رائے کا انتظار رہے گا۔ اس طرح کے خطوط مختلف مقامات سے ہم کو موصول ہو رہے ہیں جن میں یہ خواہش ظاہر کی گئی ہے کہ وہ الرسالہ کے کسی مضمون کا یہاں سے چھپے ہوئے کسی کتابچہ کا ترجمہ اپنے علاقہ کی زبان میں کر کے اس کو مقامی طور پر مفت تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔

اس سلسلے میں ہمارا خیال ہے کہ مفت تقسیم کرنا زیادہ مفید نہیں۔ زیادہ مفید صورت یہ ہے کہ ملک کے جس خطہ میں کوئی علیحدہ علاقائی زبان رائج ہے، وہاں حسب استطاعت ایک دار الاشاعت قائم کیا جائے اور علاقہ کی زبان میں کتابیں چھاپ کر کم قیمت میں فروخت کیا جائے۔ اسلامی مرکز کی دعوت کو پھیلانے کا ایک اہم ذریعہ بک اسٹال ہے یعنی مختلف اجتماعات کے موقع پر رسالہ اور کتاب کا اسٹال رکھنا۔ اس کے لئے بھی علاقائی زبانوں میں لٹریچر کا ہونا بہت ضروری ہے۔ بک اسٹال ایک پروگرام ہے اور اسی کے ساتھ دعوت کا ایک اہم ذریعہ بھی۔

‹ Previous page Next page › Contents of June 1984 All issues

Printed page