Al-Risala · October 1984 · page 5

کیسا عجیب

الرسالہ، اکتوبر ۱۹۸۴، صفحہ ۵

غلط فہمی

حضرت موسیٰ اور حضرت ہارون نے جب فرعون مصر کے سامنے توحید کی دعوت پیش کی تو اس نے کہا کہ تم دونوں چاہتے ہو کہ زمین میں بڑائی تمہارے لئے ہو (یونس ۸۷)

یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ حضرت موسیٰ نے اپنی دعوتی تقریر میں تو صرف خدا کی بڑائی بیان کی تھی پھر فرعون نے اس کو اس معنی میں کیوں لے لیا کہ موسیٰ اور اس کے بھائی خود اپنی بڑائی چاہتے ہیں۔ اس نے خدا کی بڑائی کی بات کو خود متکلم کی بڑائی کے ہم معنی کیوں سمجھ لیا۔

اس کی وجہ یہ تھی کہ فرعون خدا کی بڑائی سے واقف نہ تھا۔ وہ صرف انسان کی بڑائی کو جانتا تھا۔ اس کو بس اتنی ہی خبر تھی کہ انسان بڑے ہوا کرتے ہیں۔ اس کو یہ معلوم نہ تھا کہ خدا سب سے بڑا ہے۔ ایسے لوگوں کی طرف سے دعوت حق کا ردعمل ہمیشہ اسی شکل میں ہوتا ہے۔ وہ خدا کی بڑائی سے واقف نہیں ہوتے۔ اس لئے داعی جب خدا کی بڑائی بیان کرتا ہے تو وہ اس کو اس کے سوا کسی اور معنی میں نہیں لے پاتے۔ کہ داعی خود اپنی بڑائی بیان کر رہا ہے۔

وہ بے آمیز سچائی کو نہیں جانتے۔ وہ صرف اس سچائی سے آشنا ہوتے ہیں جس کے اوپر ان کی محبوب شخصیتوں کی مہر لگی ہوئی ہو۔ اس لئے داعی جب ان کے سامنے بے آمیز سچائی بیان کرتا ہے جس کے اوپر خدا کی مہر لگی ہوئی ہو تو اس کو وہ پہچان نہیں پاتے۔ اس کو وہ داعی کے اپنے احساس برتری پر محمول کر کے نظر انداز کر دیتے ہیں۔

وہ برتر صداقت سے آشنا نہیں ہوتے۔ وہ صرف اس صداقت کو جانتے ہیں جو ان کے قومی تقاضوں کے ساتھ لپٹی ہوئی ہو۔ اس لئے داعی جب برتر صداقت کا اعلان کرتا ہے تو اس کو سن کر وہ متوحش ہو جاتے ہیں۔ ان کی سمجھ میں نہیں آتا کہ ایسی بھی کوئی صداقت ہو سکتی ہے جو ان کے قومی عزائم سے الگ اپنا وجود رکھتی ہو۔

ایسے لوگ اپنی بے خبری کا الزام داعی کے اوپر ڈال دیتے ہیں۔ وہ یہ کہہ کر اس کو نظر انداز کر دیتے ہیں کہ وہ کبر میں مبتلا ہے۔ وہ اپنا نام بلند کرنا چاہتا ہے۔ داعی خدا کی بڑائی کا اعلان کرتا ہے اور بے خبر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ داعی خود اپنی بڑائی کا اعلان کر رہا ہے۔ داعی خدا کی ذات کمال کی حمد بیان کرتا ہے مگر بے خبر لوگ خیال کرتے ہیں کہ وہ اپنی خود ستائی میں مشغول ہے۔ داعی حق کی یکتائی پر زور دیتا ہے اور بے بصیرت لوگ گمان کرتے ہیں کہ وہ اپنی انانیت کا اظہار کر رہا ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of October 1984 All issues

Printed page