Al-Risala · November 1984 · page 29

مشن میں شرکت

الرسالہ، نومبر ۱۹۸۴، صفحہ ۲۹

ایک سفر

۲۸ اپریل ۱۹۸۴ کی شام کو میں ایک پروگرام کے تحت دہلی سے لکھنؤ کے لئے روانہ ہوا۔ یہ سفر لکھنومیل کے ذریعہ ہوا۔ اسٹیشن پر پہنچا تو عام ڈبے اس قدر بھرے ہوئے تھے کہ مسافروں کے لئے کھڑا ہونا بھی مشکل تھا۔ مگر فرسٹ کلاس کیبن کی چار برتھ پر ہم صرف چار آدمی تھے۔ ہر آدمی کے لئے موقع تھا کہ جس طرح چاہے بیٹھے اور جس طرح چاہے سوئے ۔ میں نے سوچا کہ زندگی کا معاملہ تعصب اور امتیاز کا معاملہ نہیں بلکہ قیمت کا معاملہ ہے۔ ٹرین میں عام ڈبے بھی ہیں اور فرسٹ کلاس کے ڈبے بھی۔ جو شخص جتنی قیمت ادا کرتا ہے اسی کے اعتبار سے ٹرین اس کو اپنے اندر جگہ دیتی ہے۔ اگر کوئی شخص اپنے آپ کو زحمت میں پا رہا ہے تو شکایت اور احتجاج میں وقت ضائع کرنے سے کوئی فائدہ نہیں۔ اس کو چاہئے کہ وہ اچھے ڈبے کی قیمت ادا کرے اور ٹرین اس کے لئے اپنے بہترین ڈبہ کے دروازے کھول دے گی، خواہ وہ میرے جیسا مولوی ہو یا میرے بقیہ تین ساتھیوں کی طرح مسٹر۔

۲۹ اپریل کی صبح کو۔ ابکے لکھنؤ میں یہاں کے اعلیٰ تعلیم یافتہ قارئین الرسالہ کا ایک اجتماع ہوا۔ یہ اجتماع بٹلر پیلس کالونی میں جناب یمین الاسلام خاں صاحب کی رہائش گاہ پر تھا۔ لوگوں نے عام طور پر الرسالہ کے بارے میں اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا۔ کسی نے کوئی تنقید نہیں کی۔ ایک صاحب نے کہا کہ الرسالہ کا یہ انداز ہم لوگوں کو بہت پسند ہے کہ اس میں چھوٹے چھوٹے مضامین ہوتے ہیں۔ کسی کے پاس کم وقت ہو تو وہ بھی چند منٹ میں اس کا ایک صفحہ پڑھ سکتا ہے اور اس سے کوئی سبق لے سکتا ہے۔

میں نے کہا کہ یہ طریقہ عین قرآنی طریقہ ہے۔ قرآن میں رکوع کی تقسیم اسی طرح کی گئی ہے۔ قرآن کے ہر رکوع میں ایک بات ہوتی ہے۔ آپ ایک رکوع پڑھ لیجئے اور آپ کو ایک بات مل جائے گی۔ یہی قرآنی انداز الرسالہ میں صفحہ صفحہ کے مضامین کی صورت میں اختیار کیا گیا ہے۔ الرسالہ سے کوئی بات لینے کے لئے آپ کو لمبا مقالہ پڑھنے کی ضرورت نہیں۔ الرسالہ کا ہر صفحہ گویا ایک رکوع ہے۔ آپ اس کا ایک صفحہ پڑھ لیجئے اور آپ اپنے لئے سبق کی ایک بات پا جائیں گے۔

ایک صاحب نے ایران کے خمینی انقلاب کے بارہ میں راقم الحروف کی رائے پوچھی۔ میں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کو بتانے کے لئے اردو میں چونکہ صرف ایک لفظ (انقلاب) ہے اس لئے عام طور پر لوگ اس کو انقلاب کہہ دیتے ہیں۔ مگر یہ مغالطہ ہے۔ انگریزی میں اس کو واضح کرنا زیادہ آسان ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of November 1984 All issues

Printed page