Al-Risala · February 1984 · page 6

پیغمبر کو ماننا

الرسالہ، فروری ۱۹۸۴، صفحہ ۶

پیغمبر کو ماننا

لوئی بونیل (Luise Bumule) فرانس کا مشہور فلم پروڈیوسر ہے۔ وہ ۱۹۰۰ میں پیدا ہوا ۔ اور ۱۹۸۳ میں وفات پائی۔ ابتداً اس کو مسیحیت کی تعلیم دی گئی۔ اس کے بعد وہ فلمی صنعت میں داخل ہوگیا۔

گارجین، اگست ۱۹۸۳ میں اس کے کچھ خیالات شائع کئے گئے ہیں۔ اس نے کہا کہ آج بے شمار لوگ مسیحی ہیں۔ مگر وہ اضافی طور پر مسیحی ہیں نہ کہ حقیقی طور پر ۔ حضرت مسیح اگر آج زمین پر واپس آئیں تو ان کے ماننے والے دوبارہ ان کو سولی پر چڑھا دیں گے:

If Christ came back, they'd crucify Him all over again لوئی بونیل کی یہ بات صد فی صد درست ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ مروجہ مسیحیت حضرت مسیح کے لائے ہوئے مذہب سے اتنی مختلف ہے کہ آج اگر حضرت مسیح زندہ ہوں تو خود ان کے ماننے والے انہیں برداشت نہ کریں۔

تاہم مسلمانوں کا حال بھی اس معاملہ میں ان سے کچھ زیادہ مختلف نہیں۔ آج دنیا بھر میں تقریباً ایک ارب مسلمان ہیں جو محمد مصطفیٰ علیہ وسلم کے معتقد ہیں اور ان کے نام پر لڑنے مرنے کے لئے تیار رہتے ہیں۔ مگر ان مسلمانوں کا سارا جوش محمد کی تاریخ سے ہے نہ کہ خود محمد سے۔ وہ " محمد جس کے ساتھ تاریخ شامل نہ ہو وہ موجودہ مسلمانوں کے لئے بھی اتنا ہی اجنبی ہے جتنا وہ اپنے ہم زمانہ لوگوں کے لئے تھا۔ محمد مصطفیٰ علیہ وسلم کے ساتھ پچھلے چودہ سو سال میں عظمت کی جو روایات جمع ہو چکی ہیں۔ اگر آپ کی ذات سے ان کو ہٹا دیا جائے اور آپ دوبارہ اسی ابتدائی حالت میں ظاہر ہوں جیسا کہ آپ قدیم مکہ میں ظاہر ہوئے تھے تو مجھے اپنے علم و تجربہ کی حد تک یقین ہے کہ مسلمانوں میں آپ کو پہچاننے والے اتنے بھی نہ نکلیں گے جتنی ایک آدمی کے ہاتھ میں انگلیوں کی تعداد ہوتی ہے۔

مسلم اداروں میں جس محمد کی دھوم ہے وہ تاریخی محمد ہیں نہ کہ وہ محمد جو تاریخ بننے سے پہلے تھے۔ تاریخ بننے سے پہلے والے محمد اگر آج ان اداروں میں آ جائیں تو ان کو نہ کوئی ادارہ شیخ التفسیر بنائے اور نہ شیخ الحدیث۔ ان کو نہ کسی جلسہ کی صدارت ملے اور نہ کسی جماعت کی امارت۔ مسلمانوں کی بستی سے وہ اسی طرح بے رحمی کے ساتھ نکال دئے جائیں جس طرح مکہ والوں نے اپنے زمانہ کے محمد کو نکال دیا تھا۔ قدیم مکہ والے محمد کو پانے کے لئے جو ہر کی بنیاد پر قدر دانی درکار ہے اور مسلمان آج اس صفت سے محروم ہیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of February 1984 All issues

Printed page