Al-Risala · February 1984 · page 7

قدر دانی

الرسالہ، فروری ۱۹۸۴، صفحہ ۷

قدر دانی

مسٹر جی ڈی برلا (۱۹۸۳ - کی عمر جب ۳۰ سال تھی اس وقت انھیں ایک غیر معروف طالب علم کا خط ملا۔ یہ خط کلکتہ سے آیا تھا۔ طالب علم نے بے تکلفانہ اور حوصلہ مندانہ انداز میں لکھا تھا کہ اگر آپ میری صرف اتنی مدد کریں کہ مجھ کو ایک خاص آلہ خریدنے کے لئے ۲۲ ہزار روپے دے دیں جس کو باہر سے منگوانا ہے تو میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ میں اپنی دریافت پر نوبل انعام حاصل کرنے کے قابل ہو سکوں گا :

If only you can help me with an amount of Rs. 22,000 for the purchase of a special type of instrument which has to be imported, I may assure you that I may be able to get the Nobel prize for my discovery. اس پر اثر جذباتی اپیل کا جو فوری جواب مسٹر برلا نے مذکورہ طالب علم کو بھیجا اس کے ساتھ ۲۲ ہزار روپے کا چیک بھی شامل تھا۔ طالب علم نے اس رقم سے مذکورہ سائنسی آلہ در آمد کیا اور اس کے ذریعہ اپنی تحقیق جاری رکھی۔ طالب علم کا اندازہ صحیح نکلا۔ اس کی تحقیق جب چھپ کر سامنے آئی تو اس کو اتنی شہرت حاصل ہوئی کہ اس کو سائنس کا نوبل انعام دیا گیا (ہندوستان ٹائمس ۱۲ جون ۱۹۸۳) یہ طالب علم وہی تھا جو بعد کو سر سی۔ وی۔ رمن کے نام سے مشہور ہوا۔ نوبل انعام اور سر کا خطاب ملنے کے بعد تو ہر ایک سی۔ وی رمن کا قدر داں تھا۔ مگر جب سی۔ وی رمن محض ایک معمولی طالب علم تھے اور ان کی ساری بڑائی ابھی مستقبل کے پردہ میں چھپی ہوئی تھی اس وقت سی وی رمن کی قدر کرنا بے حد مشکل کام تھا۔ جی ڈی برلا نے یہ کام کیا اور یہی وجہ ہے کہ جی ڈی برلا ہندوستان کی تاریخ میں ملک کے معماروں کی اعلیٰ ترین فہرست میں لکھے گئے۔

یہ خصوصیت جس کی ایک مثال مسٹر برلا کے مذکورہ واقعہ میں نظر آتی ہے، یہ نہ صرف افراد کو اعلیٰ مرتبہ تک پہنچاتی ہے۔ بلکہ قوم کی ترقی میں اس کا بہت گہرا حصہ ہے۔ کسی قوم میں "برلا" جیسے جوہر شناس افراد کا ہونا اس بات کی ضمانت ہے کہ اس کے نوجوانوں کی صلاحیتیں بوجھ کر نہیں رہ جائیں گی۔ بلکہ اپنے چھپے ہوئے امکانات کو بروئے کار لانے کے لئے ہر قسم کے ضروری وسائل پالیں گی۔ اس کے برعکس جس قوم میں ایسے قدرداں موجود نہ ہوں وہاں ترقی کا مقام صرف ان لوگوں کے حصہ میں آتا ہے جو اتفاقی اسباب کے تحت کسی "گدی" کو پا جائیں۔ اور ظاہر ہے کہ گدیاں تو کسی قوم میں چند ہی ہوتی ہیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of February 1984 All issues

Printed page