Al-Risala · February 1984 · page 11

مسلم صحافت

الرسالہ، فروری ۱۹۸۴، صفحہ ۱۱

حقیقت کے اعتبار سے دونوں ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں۔ ایک قومی صحافت ہے اور دوسری اصولی صحافت۔ ایک انسان کی نمائندہ ہے اور دوسری خدا کی نمائندہ۔ ایک کا مرکز توجہ دنیا کے مسائل ہوتے ہیں اور دوسری کا مرکز توجہ آخرت کے مسائل۔

مسلم قومی صحافت دوسری قوموں کو حریف کے روپ میں دیکھتی ہے۔ جب کہ اصولی اسلامی صحافت کے لئے دوسری قومیں مدعو کی حیثیت رکھتی ہیں۔ مسلم قومی صحافت کے نزدیک دوسری قومیں ہم سے ہمارا اثاثہ چھینے ہوئے ہیں۔ جب کہ اسلامی صحافت کے نزدیک اصل واقعہ یہ ہے کہ ہمارے پاس دوسری قوموں کے لئے خدا کی ایک امانت ہے جس کو ہمیں ان قوموں تک پہنچانا ہے۔ پہلی صورت میں ہمارے اندر دوسری قوموں کے لئے نفرت کے جذبات ابھرتے ہیں، جب کہ دوسری صورت میں تمام قومیں ہمارے لئے محبت کا موضوع بن جاتی ہیں۔

یہ موجودہ زمانہ کی سب سے بڑی فکری غلطی ہے جس میں تمام دنیا کے مسلمان مبتلا ہیں۔ اس وقت مسلمانوں پر دوسری قوموں کی طرف سے جو کچھ بیت رہا ہے وہ حقیقتاً ہماری اسی کوتاہی کی خدا ئی سزا ہے جب تک مسلمان اپنی اس غلطی کی اصلاح نہ کریں گے وہ اسی طرح دنیا میں بے قیمت بنے رہیں گے۔ مسلم قیادت موجودہ زمانہ میں سب سے زیادہ ناکام قیادت ثابت ہوئی ہے۔ اس کی وجہ قیادت کی یہ غلطی ہے کہ اس نے مسلمانوں کے مستقبل کو تعمیر کے بجائے سیاست میں تلاش کیا۔ سیاست کا مطلب عملی طور پر یہ ہے کہ اپنے مسائل کے لئے دوسروں کے خلاف مہم چلائی جائے۔ جب کہ تعمیر یہ ہے کہ اپنے مسائل کے لئے خود اپنے اوپر بھروسہ کیا جائے۔

کرنے کا اصل کام یہ تھا کہ قوم کو اس حیثیت سے تیار کیا جائے کہ لوگوں کا شعور بیدار ہو۔ ان کے اندر کردار کی طاقت پیدا ہو۔ وہ تعلیم میں اونچے ہوں ۔ وہ باہم ایک ہوکر رہنا جانیں ۔ اقتصادی شعبوں میں انھوں نے اپنی جگہ بنائی ہو۔ صحافت اور ابلاغ عامہ میں وہ دوسروں سے پیچھے نہ ہوں۔ پھر سب سے بڑھ کر یہ کہ مسلمانوں کو یہ فکر دیا جائے کہ وہ صاحب نظریہ افراد ہیں اور انھیں با مقصد انسان کی حیثیت سے لوگوں کے درمیان رہنا ہے۔

انھیں چیزوں کے اوپر کسی قوم کی زندگی کا دار ومدار ہے۔ مگر مسلم قیادت نے موجودہ زمانہ میں یہ کیا کہ اپنی تیسرے درجہ کی صحافت میں صرف دوسروں کے خلاف احتجاج اور مطالبہ کی مہم چلائی۔ اس نے خود اپنی تعمیر کے لئے وقت کے تقاضوں کے مطابق کوئی کام نہیں کیا۔

‹ Previous page Next page › Contents of February 1984 All issues

Printed page