Al-Risala · February 1984 · page 12

خدا کی یاد

الرسالہ، فروری ۱۹۸۴، صفحہ ۱۲

خدا کی یاد

قرآن میں ارشاد ہوا ہے کہ اے ایمان والو اللہ کا بہت ذکر کرو (یا ایھا الذین آمنوا اذکروا اللہ ذکراً کثیراً، الاحزاب (۴۱) اس کا مطلب بعض لوگ یہ لیتے ہیں کہ خوب زیادہ اللہ کرو۔ " اللہ " کا لفظ ہزاروں بار دہراؤ۔ مگر اس قسم کے ذکر کا مذکورہ آیت سے کوئی تعلق نہیں۔ قرآن میں ذکر کسی قسم کی لفظی تکرار کے معنی میں نہیں ہے بلکہ یاد کے معنی میں مذکورہ آیت کا مطلب ہے اللہ کو بہت زیادہ یاد کرو۔

قرآن میں دوسرے مقام پر ہے کہ میرا ذکر کرو، میں تمھارا ذکر کروں گا (فاذکرونی اذکرکم، البقرہ ۱۵۲) اس آیت میں خدا اپنے بندوں سے کہہ رہا ہے کہ تم میرا ذکر کرو، میں تمھارا ذکر کروں گا۔ ظاہر ہے کہ یہاں ذکر کو تکرار الفاظ کے معنی میں نہیں لیا جا سکتا۔ کیوں کہ خدا ایسا نہیں کرے گا کہ بندہ بندہ بار بار کہہ کر کسی کا ذکر کرے۔ یہاں ذکر لازمی طور پر یاد کے معنی میں ہے۔

حدیث میں آیا ہے کہ موت کا بہت زیادہ ذکر کرو ( اکثر وا ذکر ھادم اللذات ) اس حدیث میں بھی ذکر لفظی تکرار کے معنی میں نہیں ہو سکتا۔ کیوں کہ ایسا کوئی بھی نہیں کرے گا کہ بیٹھ کر موت موت، کہنے لگے۔ اس حدیث میں یقینی طور پر موت کا ذکر کرنے کا مطلب موت کو یاد کرنا ہے۔ ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ کی آواز بہت اچھی تھی۔ قرآن پڑھتے تو لوگ ہمہ تن گوش ہوکر سنتے۔ ایک مرتبہ رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلم نے ان کو قرآن پڑھتے ہوئے سنا تو فرمایا: ابو موسیٰ کو آل داؤد کی خوش الحانی دی گئی ہے (لقد اوتی ابو موسیٰ مزماراً من مزامیر آل داؤد )

روایات میں آتا ہے کہ عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی ملاقات حضرت ابو موسیٰ اشعری سے ہوتی تو اکثر ان سے کہتے کہ اے ابو موسیٰ ، ہمارے رب کو ہمیں یا دد لاؤ ( یا ابا موسیٰ ذکر نَا ربنا عز وجل) حضرت عمر کے اس قول میں بھی ذکر کسی قسم کے تکرار لفظی کے معنی میں نہیں ہے۔ یعنی حضرت عمر کی منشا یہ نہیں تھی کہ حضرت ابو موسیٰ ان کے پاس بیٹھ کر اللہ اللہ یا رب ، رب کریں۔ اس فقرہ میں ذکر کا لفظ یاد کے معنی میں ہے۔ یعنی قرآن کا کوئی حصہ پڑھ کر ہمیں خدا کی یاد دلاؤ۔

لغت میں ذکر کے معنی یاد کے ہیں۔ اس لفظ کا یہی مفہوم شریعت میں بھی ہے۔ ذکر سے مراد اللہ اور اس باتوں کی یاد ہے۔ یعنی آدمی کو خدا سے اتنا گہرا تعلق ہو جائے کہ وہ اس کے دل ودماغ میں سما جائے ۔ وہ ہر موقع پر اس کو یاد آتا رہے ۔

‹ Previous page Next page › Contents of February 1984 All issues

Printed page