قومی نہ کہ دینی
الرسالہ، مارچ ۱۹۸۵، صفحہ ۳۶
قومی نہ کہ دینی
اخبار ٹیلی گراف (کلکتہ) کی ۱۰ جنوری ۱۹۸۵ میں صفحہ تین پر ایک تصویر ہے۔ اس تصویر میں ایک کالے بچہ کے ساتھ ایک سفید نسل کی بچی بیٹھی ہوئی ہے۔ دونوں ایک کھلی ہوئی کتاب کے سامنے جھکے ہوئے نظر آتے ہیں۔ تصویر کے نیچے لکھا ہوا ہے کہ ایک چھوٹی اسرائیلی لڑکی ایک با تصویر کتاب کے ذریعہ ایتھوپیا کے ایک چھوٹے لڑکے کو عبرانی زبان سکھا رہی ہے۔ یہ تصویر الیات کی ہے جو بحر احمر کے کنارے واقع ہے۔ یہ بچہ ان ہزاروں یہودیوں میں سے ایک ہے جو حال میں اسرائیل پہنچے ہیں: A little Israeli girl using a picture book to teach Hebrew to an Ethiopian boy at Eliat on the Red Sea coast. The boy arrived with thousands of other Ethiopians recently. ۱۹۸۴ میں ایتھوپیا (افریقہ) میں غیر معمولی قحط پڑا۔ انسان اور جانور بھوک سے مرنے لگے۔ یہاں یہودی تقریباً ۲۵ ہزار کی تعداد میں آباد ہیں جن کو فلاشا کہا جاتا ہے۔ اسرائیل کی حکومت نے یہ منصوبہ بنایا کہ ان یہودیوں کو اسرائیل میں بسایا جائے۔ ان کو ایتھوپیا سے اسرائیل لانے کے لئے جو ہوائی سروس جاری کی گئی اس کا سرکاری نام عمل موسیٰ(Operation (Operation Moses) رکھا گیا۔ اسرائیل کے وزیرِ اعظم شیمون پیریز (Shimon Peres) نے اسرائیلی پارلیمنٹ میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم انسانی خدمت کے کام کو ہم جاری رکھیں گے، ہم اس وقت تک اس سے باز نہ آئیں گے جب تک ایتھوپیا کا آخری یہودی ہمارے پاس نہ آجائے:
We shall continue this noble and humane rescue act and shall not interrupt it until the last of Ethiopia's Jews has arrived with us. حضرت موسیٰ کے زمانہ میں یہودی مصر میں آباد تھے۔ آپ ان کو خدائی منصوبہ کے تحت مصر سے نکال کر سینا میں لے گئے۔ اسی ظاہری مشابہت کی بنا پر ایتھوپیا کے یہودیوں کو وہاں سے نکال کر اسرائیل لے جانے کو مذکورہ نام دیا گیا۔ ظاہر ہے کہ یہ ایک قومی واقعہ کو دینی اصطلاح میں بیان کرنا ہے۔ یہی مسلمان بھی موجودہ زمانہ میں بڑے پیمانے پر کر رہے ہیں۔ وہ اپنی قومی تحریک کو دعوت کا عنوان دیتے ہیں۔ وہ اپنی قومی بھگدڑ کو ہجرت کہتے ہیں۔ وہ اپنی قومی لڑائیوں کے لئے جہاد کا پرفخر لفظ پالیتے ہیں مگر ایک چیز جو باعتبارِ حقیقت قومی ہو وہ خدا کے نزدیک قومی ہی رہے گی۔ دینی الفاظ بولنے سے وہ دینی نہیں ہو جائے گی۔
‹ Previous page Next page › Contents of March 1985 All issues