Al-Risala · March 1985 · page 44

Prof. Huston Smith

الرسالہ، مارچ ۱۹۸۵، صفحہ ۴۴

خبر نامہ اسلامی مرکز ۔ ۶

۱۔ اسلامی مرکز کا مشن خدا کے فضل سے عالمی دل چسپی کا مرکز بن رہا ہے۔ اس سلسلے میں دیگر اسباب کے علاوہ انگریزی ماہنامہ کا بہت بڑا حصہ ہے۔ ۲۲ جنوری ۱۹۸۵ کو ایک امریکی عالم مسٹر ہیوسٹن اسمتھ مرکز میں آئے۔ اور صدر اسلامی مرکز سے ملے۔ وہ یوینی سوٹا یونیورسٹی میں فلسفہ کے پروفیسر ہیں۔ ان کا خصوصی موضوع مختلف مذاہب کا تقابلی اور تاریخی مطالعہ ہے۔ وہ مختلف کتابوں کے مصنف ہیں۔ مثلاً مذاہب انسانی (The religions of Man) اور فراموش سچائی (Forgotten Truth) وغیرہ پروفیسر موصوف سے تقریباً آدھ گھنٹہ تک باتیں ہوئیں۔ آخر میں ان کو اسلامی مرکز کا انگریزی تعارف نامہ اور انگریزی رسالہ دیا گیا۔ ان کا نام اور پتہ یہ ہے :

Prof. Huston Smith

130, Avenida Drive, Berkeley, California, U.S.A. ۲۔ "نیشنل اسٹوڈنٹس فورم" کے تحت نئی دہلی (ایوان غالب) میں ۱۸۔ ۱۹ جنوری ۱۹۸۵ کو ایک دوروزہ اجتماع ہوا۔ اس موقع پر صدر اسلامی مرکز کو مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعو کیا گیا تھا۔ موصوف نے ۱۹ جنوری کی آخری نشست میں شرکت کی اور تقریباً آدھ گھنٹہ کی تقریر میں مرکز کا تعمیری پروگرام حاضرین کے سامنے رکھا۔ ایوان غالب کا وسیع ہال مکمل طور پر سامعین سے بھرا ہوا تھا۔ صدر اسلامی مرکز نے اپنی اس تقریر میں خاص طور پر نوجوان طبقہ کو خطاب کیا اور تاریخی جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ ان کو چاہئے کہ اپنا وقت اور قوت ایسے کاموں میں لگائیں جو حقیقی معنوں میں نتیجہ خیز ہو سکیں۔ اس تقریر کا ٹیپ اسلامی مرکز میں موجود ہے۔ صدر اسلامی مرکز نے نیشنل اسٹوڈنٹس فورم کے سوونیئر کے لئے ایک پیغام بھی دیا جو زیر نظر اشاعت میں "نوجوانوں کے نام" کے عنوان سے شامل ہے۔

۳۔ اسلامی مرکز کی لائبریری میں حال میں جن قیمتی کتابوں کا اضافہ ہوا ہے اس میں سے ایک انسائیکلو پیڈیا برٹانیکا کا تازہ ایڈیشن (۱۹۸۴) ہے۔ یہ ایڈیشن ۳۰ جلدوں پر مشتمل ہے اور نئی ترتیب کے ساتھ خصوصی اہتمام سے چھاپا گیا ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of March 1985 All issues

Printed page