Al-Risala · April 1985 · page 46

پروگرام

الرسالہ، اپریل ۱۹۸۵، صفحہ ۴۶

اس کے مطابق کام ہو رہا ہے ، اور دوسری دوسری صلاحیتوں والے لوگ آئیں تو کام میں مزید اضافہ ہو۔

قلم کے ذریعہ کے بارے میں مولانا کے جو خیالات تھے ، ان کو غالباً حسب ذیل طور پر بیان کیا جا سکتا ہے ۔

۱۔ کوئی تحریک جب نئی نئی شروع ہوتی ہے تو ایک اہم مسئلہ اس کے صحیح تعارف کا ہوتا ہے اس وقت ضرورت ہوتی ہے کہ داعی کی زبان بذات خود زیادہ سے زیادہ تعارف کا ذریعہ بنے۔ مگر ایک وقت آتا ہے جب دعوت ساری فضا میں گونج اٹھتی ہے اور اس کی صد سے سارا ماحول آشنا ہو جاتا ہے ۔ اس وقت غلط تعارف کا اندیشہ بہت کم ہو جاتا ہے ۔ کچھ الفاظ اصطلاح عام بن کر لوگوں کے ذہنوں میں جگہ حاصل کر لیتے ہیں ۔ اس وقت مقرر یا محرر کے الفاظ ہی دعوت کے تعارف کا کام نہیں کرتے بلکہ ان کے ساتھ سننے والے کا اپنا وہ ذہن بھی شامل ہو جاتا ہے جو پہلے سے اس دعوت کے بارے میں ایک تعارف سے آشنا ہو چکا ہے۔ جب کوئی تحریک اس دوسرے مرحلہ پر پہنچ جائے تو ان ابتدائی تحفظات کی ضرورت نہیں رہتی جو دعوت کے آغاز میں ضروری سمجھے گئے تھے ۔

۲۔ دوسری بات یہ ہے کہ ہر تحریک کے لیے کام کرنے کے سیکڑوں پہلو ہوتے ہیں۔ مگر عملی طور پر تحریک انھیں کاموں میں حصہ لیتی ہے جس کے لیے اس کے پاس کارکن موجود ہوں ۔ ایسا کام جس کے لیے کارکن ہی حاصل نہ ہوں اس کو چھیڑنے سے کیا فائدہ ہو سکتا ہے۔ مولانا الیاس صاحب کا کام ابتداً جس نقشہ کے مطابق چلا ، ایک لحاظ سے اگر چہ اس کی اہمیت یہ تھی کہ وہ بنیادی اور اصلی کام تھا ، مگر اس کے ظاہری ڈھانچہ میں اس واقعہ کا بھی دخل تھا کہ اس وقت جس نوعیت کے کارکن فراہم ہوئے وہ اسی ڈھنگ سے کام کو چلا سکتے تھے ۔ اب اگر تحریک کو پھیلاؤ حاصل ہو جائے تو کام میں بھی اسی نسبت سے پھیلاؤ ہو جائے گا جیسا کہ کارکنوں کی اقسام میں پھیلاؤ ہوا ہے ۔

۳۔ مولانا نے ایک مرتبہ بہت قیمتی بات فرمائی ۔ آپ نے فرمایا کہ ایک طریقہ دین کی عمومی تعلیم و تربیت کا ہے ۔ اور دوسرا طریقہ وہ ہے جو ” ضرورت حادثہ “ کے تحت پیدا ہوتا ہے ۔ پہلا جو طریقہ ہے وہی دور نبوت میں ملتا ہے اور عمومی تعلیم و تربیت اسی طریقہ پر ہونی چاہیے ۔ دوسرا طریقہ حالات و ماحول کی غایت سے پیدا ہوتا ہے ۔ دوسرے لفظوں میں پہلے طریقہ میں دوامی قدر ہے اور دوسرے طریقہ میں زمانی قدر ۔

مولانا کے اسی ملفوظ کی روشنی میں ہم تصنیف و اشاعت کے کام کے بارے میں ان کے نقطہ نظر

‹ Previous page Next page › Contents of April 1985 All issues

Printed page