Al-Risala · December 1985 · page 26

تقریر حضرت مولانا اظہار الحسن صاحب

الرسالہ، دسمبر ۱۹۸۵، صفحہ ۲۶

انھیں کے اپنے لفظوں میں مکمل طور پر یہاں نقل کی جاتی ہے۔

تقریر حضرت مولانا اظہار الحسن صاحب

"آپ حضرات اور ہم مولانا وحید الدین خاں صاحب کی والدہ ماجدہ کے جنازہ میں شرکت کے لیے حاضر ہوئے ہیں۔ ہم یہ سمجھ رہے ہیں کہ یہ مولانا وحید الدین خاں کی والدہ کا جنازہ ہے۔ حالاں کہ یہ سوچ غلط ہے بلکہ یہ جنازہ ہمارا اور آپ کا اور پورے انسانوں کا ہے۔ اور یہ جنازہ بتا رہا ہے کہ یہ وقت سب پر آ رہا ہے۔ امیر ہو کہ غریب، کالا ہو کہ گورا، عربی ہو کہ عجمی، کوئی اس سے مستثنی نہیں۔ آج آپ اس جنازہ کی نماز پڑھنے کے لیے آئے ہیں کل دوسرے لوگ آپ کی نماز جنازہ پڑھنے کے لیے آئیں گے۔ آج آپ اس جنازہ کو کاندھا دے رہے ہیں اور کل کو دوسرے لوگ آپ کی لاش کو اپنے کندھوں پر اٹھائے ہوں گے۔ یہ جنازہ پکار پکار کر کہہ رہا ہے:

وإذا حملت الى القبور جنازة فاعلم بانك بعدها محمول یہ مہسری جس پر مولانا کی والدہ آرام فرما رہی ہیں اس کے پائے پائے سے آواز آ رہی ہے : انظر الى بعقلك انا المتهيأ لنقلك انا سرير المنايا كم سار مثلى بمثلك یہ مہسری کہہ رہی ہے کہ اپنی عقل کی آنکھیں کھول اور غفلت کی چادر ہٹا اور دیکھ کہ مجھ کو تیرے مکان سے گور غریباں پہونچانے کے لیے ہی بنایا گیا ہے۔ میں موت کی مہسری ہوں۔ میری جیسی کتنی مہسریوں نے تجھ جیسے کتنے انسانوں کو گورستان میں پہونچا دیا ہے۔ ایک مرتبہ ایک بزرگ حضرت عبد الرحمن بن شجیر تشریف لے جا رہے تھے۔ سامنے سے ایک جنازہ گزر رہا تھا۔ ایک راہ گیر نے حضرت سے پوچھا کہ حضرت کس کا جنازہ ہے؟ حضرت نے فرمایا کہ بھئی آپ ہی کا تو ہے۔ اس آدمی کو یہ بات ناگوار گزری اور کہنے لگا۔ "واہ جی میرا کیوں ہونے لگا"۔ فرمایا بھتیا تمھارا نہیں تو میرا ہے۔ مطلب یہ ہے کہ جنازہ کو دیکھ کر یہ پوچھنا بیکار ہے کہ کس کا ہے۔ بلکہ جنازہ کو دیکھ کر یہ غور کرنا چاہیے کہ یہ وقت خود ہم پر آرہا ہے اور بہت جلد آرہا ہے اس کے لیے تیاری کرنی چاہیے۔ ہماری اس مسجد سے یہی آواز لگائی جارہی ہے کہ مرنے کے بعد کی زندگی کے لیے تیاری کی جائے اور ہر شخص اس کی فکر کرے۔ خدا کا شکر ہے کہ یہ آواز عالم کے گوشہ گوشہ میں پہونچ رہی ہے اور دنیا کے گوشہ گوشہ سے آدمی اپنی آخرت کی تیاری کے لیے آرہے ہیں اور تیاری کر رہے ہیں۔ ہماری بستی والوں سے بھی درخواست ہے کہ مسجد کی آواز کو آکر سنیں اور آخرت کی تیاری میں حصہ لیں۔ "

‹ Previous page Next page › Contents of December 1985 All issues

Printed page