یہ اسلام نہیں
الرسالہ، مارچ ۱۹۸۶، صفحہ ۱۹
یہ اسلام نہیں
قرآن میں ارشاد ہوا ہے کہ جو شخص کسی مومن کو جان بوجھ کر قتل کرے اس کی سزا جہنم ہے۔ حدیث میں آیا ہے کہ ایک مسلمان پر دوسرے مسلمان کی تین چیزیں حرام ہیں : اس کا خون ، اس کا مال ، اور اس کی آبرو (کل المسلم على المسلم حرام دمه وماله وعرضه )
قرآن وحدیث میں اتنی سخت تنبیہہ کے باوجود کیوں ایسا ہے کہ ہم دیکھتے ہیں کہ ایک مسلمان دوسرے مسلمان کو قتل کرتا ہے ۔ ایک مسلمان دوسرے مسلمان کا مال چھینتا ہے ۔ ایک مسلمان دوسرے مسلمان کی آبرو ریزی کرتا ہے ۔ یہ کام صرف عام لوگ نہیں کرتے بلکہ وہ لوگ بھی کرتے ہیں جو اسلام کے علم بردار بنے ہوئے ہیں۔ جن کا کہنا ہے کہ وہ اسلام سے کم کسی چیز پر راضی نہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ مسلمان جب کسی کے خلاف ایسا کرنے والے ہوتے ہیں تو وہ یہ کرتے ہیں کہ سب سے پہلے اس کو اسلام سے خارج ثابت کرتے ہیں ــــ یہ مرتد ہے ، یہ منافق ہے ، یہ بد نیت ہے ، یہ دشمنوں کا ایجنٹ ہے ، وغیرہ ۔ اس قسم کا الزام لگانے کے بعد مسلمان نفسیاتی طور پر یہ سمجھ لیتے ہیں کہ اس شخص کے خلاف ہر قسم کی کارروائی کرنے کا انھیں لائسنس مل گیا ۔ اب ان کے لیے جائز ہے کہ ایسے شخص کو بے آبرو کریں ۔ وہ اس کی معاش کو تباہ کریں حتیٰ کہ اس کو قتل کر ڈالیں۔ مگر اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ سب شیطانی افعال ہیں۔ اسلام میں کسی کو سزا دینے کا مقرر اصول ہے ۔ محض الزام بازی پر کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاسکتی۔ مرتد شرعی طور پر صرف وہ شخص ہے جو خود اپنے ارتداد کا اعلان کرے ۔ اور ایسے مرتد کی سزا بھی صرف ایک قائم شدہ عدالت دے سکتی ہے نہ کہ عام افراد۔ منافق کے لیے شریعت میں اس قسم کی کوئی سزا مقرر نہیں کی گئی ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے رئیس المنافقین عبد اللہ بن ابی کو بھی کوئی سزا نہیں دی ۔ یہاں تک کہ وہ اپنی طبعی موت مر گیا۔ بد نیتی خالص قانونی معنوی میں کوئی جرم نہیں ۔ نیت کا معاملہ ایک ایسا معاملہ ہے جس سے صرف اللہ واقف ہے اور وہی کسی آدمی کے ساتھ اس کی نیت کے مطابق معاملہ کر سکتا ہے۔ کسی انسان کو ہر گز یہ اختیار نہیں کہ وہ ایک شخص کو بد نیت قرار دے کر اس کے خلاف ہر قسم کی کارروائی کو اپنے لیے جائز کرلے ۔ مسلم معاشرہ میں اس قسم کی باتیں صرف اس لیے ہیں کہ لوگوں کو اللہ کا ڈر نہیں ۔ اگر لوگ اللہ سے ڈریں تو وہ کبھی کسی کے خلاف اس قسم کی کارروائی نہ کریں۔
‹ Previous page Next page › Contents of March 1986 All issues