Al-Risala · June 1986 · page 36

We wish you a comfortable journey.

الرسالہ، جون ۱۹۸۶، صفحہ ۳۶

ہے ۔ آر ایس ایس کے دوسرے تمام مظاہر اس کے اسی مخصوص عقیدہ کا نتیجہ ہیں ۔ پندرہ سال پہلے میں نے گرو گولوالکر کی کتاب گلدستہ خیال (Bunch of Thought) پڑھی تھی جو گویا آر ایس ایس تحریک کی بائبل ہے ۔ اسی وقت میں نے اس کتاب کا انگریزی سے اردو میں ترجمہ بھی کیا تھا ۔ ترجمہ ابھی تک میرے پاس غیر مطبوعہ حالت میں پڑا ہوا ہے ۔ یہ تحریک کم از کم اپنی موجودہ حالت میں مسلمانوں کی تقسیم کی تحریک کا رد عمل ہے ۔ اس کے نزدیک یہ بھارت ایک مقدس جغرافی وحدت ہے ۔ اس کا وہی درجہ ہے جو مذہبی اصطلاح میں معبود کا درجہ ہونا چاہیے ۔ ایسی حالت میں اس فکر کے نزدیک یہ ایک ناقابل معافی جرم ہے کہ اس مقدس وحدت کے ٹکڑے کیے جائیں یہ فکر بلاشبہ ہندوستان کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ اس نے ہندوستانی باشندوں کی ایک بڑی تعداد کے اندر مستقل طور پر منفی ذہنیت پیدا کر دی ہے اور منفی ذہنیت سے زیادہ تباہ کن اس دنیا میں کوئی چیز نہیں ۔ مگر اصل مسئلہ یہ ہے کہ جو چیز مقدس بن جائے اس کو آدمی کبھی عقلی معیاروں پر نہیں جانچتا ۔ اس لیے ان حضرات کا یہ احساس غالباً اس وقت تک باقی رہے گا جب تک موجودہ صورت حال باقی ہے ۔

مسلمان اس معاملہ میں ہمیشہ مذکورہ فکر کو الزام دیتے ہیں ۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ اس معاملہ میں سب سے بڑے ملزم خود مسلمان ہیں ۔ اقبال اور دوسرے حضرات نے ہندوستانی مسلمانوں کے مسئلہ کا حل ملکی تقسیم میں دریافت کیا ۔ مگر ہندو مسلم مسئلہ کا یہ حل کہ ملک کو تقسیم کر دیا جائے ، موجودہ حالات میں اتنی بڑی نادانی تھی کہ شاید پوری انسانی تاریخ میں اتنی بڑی نادانی کبھی نہیں کی گئی ۔ یہ بلاشبہ ایسا ہی ہے جیسے کوئی شخص سنی اور شیعہ کے جھگڑے کو ختم کرنے کے لیے یہ تجویز پیش کرے کہ کعبہ کو دو ٹکڑے کر کے دونوں فرقوں کے درمیان تقسیم کر دیا جائے ۔ ایسا حل مسئلہ کو صرف شدید تر بناتا ہے ایک ایسا ملک جس کے باشندے اپنے ملک کو خدا سمجھ کر اس کو پوجتے ہوں وہاں مسئلہ کا حل اہل ملک کی سوچ کو بدلنا تھا نہ کہ ملک کی جغرافی سر حد کو بدلنا ۔ موجودہ صورت حال میں ملک کی تقسیم صرف مسئلہ کی شدت میں اضافہ کرتی ہے ، وہ کسی بھی درجہ میں اصل مسئلہ کو حل نہیں کرتی ۔ کیسے عجیب تھے وہ مفکرین اسلام جن کو اسلام نے صرف یہ بتایا کہ وہ ایسے کانٹے کی فصل بوئیں جس کے کانٹے کبھی ختم نہ ہو سکیں ۔

‹ Previous page Next page › Contents of June 1986 All issues

Printed page