Al-Risala · July 1986 · page 28

یک لحظه غافل گشتم وصد ساله راهم دور شد

الرسالہ، جولائی ۱۹۸۶، صفحہ ۲۸

ہے کہ مفتوح کے دل میں فاتح کے لیے نفرت پیدا ہو جاتی ہے ۔ وہ فاتح کی ہر چیز کو حقارت کی نظر سے دیکھنے لگتا ہے ۔ مگر مغربی قوموں نے یہ نادانی نہیں کی ۔ انھوں نے مسلمانوں کو اور مسلمانوں کے علوم کو ایک دوسرے سے الگ کر کے دیکھا ۔ انھوں نے مسلمانوں سے نفرت کی مگر مسلمانوں کے علوم کو انھوں نے آگے بڑھ کر لیا ۔ نیز اپنی کوششوں سے اس میں اتنے اضافے کیے کہ بعد کی صدیوں میں وہ ان علوم کے امام بن گئے ۔ یہاں تک کہ وہ وقت آیا کہ وہ دوبارہ تاریخ کو اپنے حق میں بدلنے میں کامیاب ہو گئے ۔

یہی صورت موجودہ زمانہ میں مسلمانوں کے ساتھ پیش آئی ۔ مغربی قومیں ان کے لیے فاتح کی حیثیت رکھتی تھیں اس لیے مغربی قوموں سے بیزاری ان کے لیے ایک فطری بات تھی ۔ مگر یہاں مسلمان اس ہوش مندی کا ثبوت نہ دے سکے کہ وہ مغرب اور مغربی علوم کو ایک دوسرے سے الگ کر کے دیکھیں ۔ مغربی قومیں جن علوم کو لے کر آگے بڑھی تھیں وہ ان کے قومی علوم نہ تھے بلکہ وہ کائناتی علوم تھے ۔ ان کی حیثیت قوت و طاقت کی تھی ۔ دور جدید کے مسلم رہنما اگر اس راز کو بروقت جان لیتے تو وہ مغربی علوم کو مغرب سے الگ کر کے دیکھتے ۔ مغربی علوم کو وہ اپنے لیے طاقت سمجھ کر حاصل کرتے ۔ وہ ان کو خود اپنی چیز سمجھتے نہ کہ غیر کی چیز ۔ مگر یہاں دور جدید کے مسلم رہنما اس دانش مندی کا ثبوت نہ دے سکے ۔ انھوں نے بیک وقت مغرب سے بھی نفرت کی اور مغربی علوم سے بھی ۔ یہی وہ غلطی ہے جس نے دور جدید میں مسلمانوں کو سائنس میں پیچھے کر دیا ۔ مسلم رہنماؤں نے ایک لمحہ کی غلطی کی تھی مگر اس کا نتیجہ مسلم قوم کو صدیوں کی شکل میں بھگتنا پڑا ۔

یک لحظه غافل گشتم وصد ساله راهم دور شد

زندگی میں سب سے زیادہ اہمیت شعور کی ہوتی ہے ۔ جیسا کہ اوپر عرض کیا گیا ، مسلمانوں نے جب صلیبی جنگوں میں مغربی اقوام پر فتح حاصل کی تو وہ فتح کے جوش میں مبتلا ہو گئے ۔ اس جوش نے انھیں سائنس کی تحقیق سے غافل کر دیا ۔ اس کے بعد موجودہ زمانہ میں یہی واقعہ ایک اور شکل میں پیش آیا ۔ مسلمان مغربی قوموں کے مقابلہ میں مفتوح ہوئے تو ان کے اندر مغربی اقوام کے خلاف نفرت جاگ اٹھی ۔ وہ نفرت کی نفسیات میں مبتلا ہو کر مغربی سائنس کی طرف سے بے رغبت ہو گئے ۔ مسلمان اپنی بے شعوری کے نتیجہ میں فاتح کی حیثیت سے بھی نقصان میں رہے اور مفتوح کی حیثیت سے بھی ۔

‹ Previous page Next page › Contents of July 1986 All issues

Printed page