Al-Risala · October 1986 · page 25

خواب پورا ہو گیا

الرسالہ، اکتوبر ۱۹۸۶، صفحہ ۲۵

بھی واضح نہ تھا کہ آئندہ مجھے واقعۂ کوئی کام کرنا ہے یا محض کام کی تڑپ لے کر مر جانا ہے۔ عین اسی نفسیاتی حالت میں یکم فروری ۱۹۶۳ کو اعظم گڑھ کے ایک دیہات میں میں نے خواب دیکھا۔ اٹھا تو پورا خواب یاد نہیں رہ گیا تھا۔ صرف خواب کا ایک جزء ذہن میں باقی تھا ۔ اور وہ تھا " ۱۹ جولائی " بیداری کے بعد مجھے یہ تاریخ ( ۱۹ جولائی) تو اچھی طرح یاد تھی، مگر اصل خواب کچھ بھی یاد نہ تھا۔ ۱۹۶۳ کے اس خواب کے مطابق میں ہر سال " ۱۹ جولائی " کا انتظار کرتا رہا ہوں ۔ یہ بات میرے گھر کے تمام افراد کو معلوم ہے۔ مگر ہر سال یہی ہوا کہ جب ۱۹ جولائی آئی تو اس روز کوئی ایسا قابلِ ذکر واقعہ پیش نہیں آیا جس کو اس خواب کی تعبیر سمجھا جاسکے ۔ اسی طرح ۲۳ سال بیت گیے ۔ ۱۹۸۶ کی ۱۹ جولائی وہ پہلی تاریخ ہے جب کہ ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس کو میں اپنی پوری زندگی کا سب سے زیادہ یادگار واقعہ سمجھتا ہوں۔ اور وہ یہ کہ عین اسی تاریخ کو میری تفسیر کی کتاب مکمل ہوئی ۔ اسی روز میں نے تذکیر القرآن کا آخری صفحہ لکھا ۔

۱۹۶۳ کے بعد مجھ پر مختلف حالات پیش آتے رہے ۔ یہاں تک کہ ۱۹۷۰ میں میں دہلی منتقل ہوا اور پھر ۱۹۷۶ سے ماہنامہ الرسالہ نکلنا شروع ہوا۔ ماہنامہ کی وجہ سے مزید تحریک ہوئی اور میں نے ۱۹۷۹ سے باقاعدہ طور پر تذکیر القرآن لکھنا شروع کر دیا۔ اس دوران سخت نا موافق حالات کے باوجود تذکیر القرآن کی تحریر کا کام برابر جاری رہا۔ اور پھر مذکورہ خواب کے ۲۳ سال بعد " ۱۹ جولائی " کو وہ تکمیل تک پہنچا۔

میں جب اس پورے واقعے پر غور کرتا ہوں تو مجھے اس میں ذرا بھی شبہ نہیں ہوتا کہ میرے مذکورہ خواب کی تعبیر یہی تذکیر القرآن ہے۔ " ۱۹ جولائی " اس کی تکمیل کی وہ تاریخ تھی جو خود اللہ تعالیٰ نے ۲۳ سال پہلے اپنی طرف سے مقرر فرما دی تھی ۔ یہاں میں وہ الفاظ نقل کرتا ہوں جو میں نے تفسیر کی تکمیل کے بعد اپنی ڈائری میں لکھے تھے :

" آج جولائی ۱۹۸۶ کی ۱۹ تاریخ ہے۔ اور صبح ۴ بجے کا وقت ۔ میں ابھی تذکیر القرآن کا آخری صفحہ (تفسیر سورہ الناس) لکھ کر فارغ ہوا ہوں۔ تذکیر القرآن لکھنے کا کام ۱۹۷۹ کے وسط میں شروع ہوا تھا۔ اور اس کی پہلی قسط ماہنامہ الرسالہ اگست ۱۹۷۹ میں شائع ہوئی تھی ، آج ۱۹ جولائی ۱۹۸۶ کو اس کی تحریر کا کام آخری طور پر مکمل ہوا۔ اس طرح اس کے لکھنے میں پورے سات سال لگ گیے ۔ آج صبح

‹ Previous page Next page › Contents of October 1986 All issues

Printed page