Al-Risala · November 1986 · page 17

مردہ لوگ

الرسالہ، نومبر ۱۹۸۶، صفحہ ۱۷

مردہ لوگ

دینی دعوت کا کام کرنے کے دو میدان ہیں ۔ ایک ہے بنو اسرائیل جیسے لوگوں میں کام کرنا، جس کا ایک نمونہ سید نا حضرت مسیح علیہ السلام کی زندگی میں دیکھا جاسکتا ہے ۔ اور دوسرا ہےبنو اسماعیل جیسے لوگوں میں کام کرنا، جس کی روشن مثال پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں نظر آتی ہے۔ بنو اسرائیل (یہود) نے حضرت مسیح کی بد ترین مخالفت کی ۔ انتہائی کھلے ہوئے معجزات اور انتہائی طاقتور دلائل کے باوجود انہوں نے حضرت مسیح کا اقرار نہیں کیا ۔ اپنی تمام ممکن تدبیروں سے وہ حضرت مسیح کے مشن کو ناکام بنانے کی کوشش کرتے رہے ۔ جب انھیں اس میں کامیابی نہیں ہوئی تو انھوں نے آخری مرحلہ میں کمینہ پن کا طریقہ اختیار کیا۔ انہوں نے حضرت مسیح پر جھوٹے الزام لگائے۔ حضرت مسیح کے الفاظ میں وہ " ابن آدم کو رومی عدالت میں لے گئے " وہ خود حضرت مسیح کو قتل نہیں کر سکتے تھے ۔ چنانچہ انھوں نے یہ منصوبہ بنایا کہ آپ پر جھوٹے الزامات لگا کر رومی حکمرانوں کے ذریعہ آپ کو ہلاک کریں ۔ اس معاملہ میں ظلم اور کمینہ پن کی جتنی صورتیں ان کے بس میں تھیں وہ سب انھوں نے آخری حدتک کر ڈالیں ۔ تا ہم اللہ تعالیٰ نے اپنی خصوصی تدبیر سے آپ کو بچایا ۔ بنو اسرائیل (یہود) اس وقت ایک انتہائی بے جان قوم بن چکے تھے جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ پوری قوم میں چند افراد سے زیادہ آپ کا ساتھ دینے والے نہ نکل سکے ۔ پیغمبرانہ مشن کا ساتھ دینے کے لیے ضرورت ہوتی ہے کہ آدمی کے اندر اعلیٰ انسانیت زندہ ہو۔ وہ بر تر مقصد کی خاطر جینے اور مرنے کا حوصلہ کر سکے ۔ مگر مردہ قوم اس صلاحیت سے بالکل خالی ہوتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ بنو اسرائیل کی بھیڑ میں سے چند افراد بھی نہیں نکلے جو حضرت مسیح کے پیغمبرانہ مشن کے حامل بن سکیں۔ انجیل بتاتی ہے کہ یہود میں سے جو لوگ حضرت مسیح کا ساتھ دینے والے نکلے ان میں سے خاص لوگوں کی تعداد بارہ تھی ۔ یہودیوں کی سازش کے تحت جب رومی سپاہیوں نے آپ کو پکڑنا چاہا تو انجیل کے الفاظ میں " سب شاگرد اسے چھوڑ کر بھاگ گئے " (متی ، باب ۲۶) دوسری جگہ انجیل میں ہے . اس پر سب شاگرد اسے چھوڑ کر بھاگ گئے۔ مگر ایک جوان اپنے ننگے بدن پر مہین چادر اوڑھے ہوئے اس کے پیچھے ہو لیا ۔ اسے لوگوں نے پکڑا مگر وہ چادر چھوڑ کر ننگا بھاگ گیا " (مرقس ، باب ۱۴)

‹ Previous page Next page › Contents of November 1986 All issues

Printed page