Al-Risala · December 1986 · page 12

اسلام کی آفاقیت

الرسالہ، دسمبر ۱۹۸۶، صفحہ ۱۲

دوڑتا ہے اسی خدا کی طرف تمام انسان دوڑنے لگتے ہیں ۔ جس خدا کے سامنے ایک انسان اپنی بڑائی کو چھوڑتا ہے ۔ اسی کے سامنے تمام انسان اپنی بڑائی کو چھوڑنے والے بن جاتے ہیں ۔ توحید کے بغیر ہر انسان کی توجہ کا مرکز الگ ہوتا ہے ، توحید کے تحت ہر آدمی کی توجہ کا مرکز ایک ہو جاتا ہے ۔ یہ بلاشبہ سب سے بڑی آفاقیت ہے ، اس سے بڑی آفاقیت اس دنیا میں نہیں ہو سکتی ۔ عرب قوم ہزاروں سال سے عرب کے جغرافیہ میں آباد تھی ۔ مگر تاریخ میں اس کا کوئی کارنامہ لکھا نہ جا سکا ۔ اسلام سے پہلے عربوں کا حال یہ تھا کہ وہ شاعری کرتے تھے ۔ چھوٹی چھوٹی باتوں پر آپس میں لڑ جاتے تھے ۔ بعض اوقات ایسا ہوتا کہ ان کے درمیان ایک لڑائی چھڑتی تو وہ نسل در نسل سیکڑوں سال تک جاری رہتی ۔

مگر یہی عرب تھے کہ جب اسلام کے زیرِ اثر ان کے اندر فکری انقلاب آیا تو انھوں نے ایک عالمی تہذیب کی بنیاد ڈالی ۔ وہ اپنے محدود جغرافیہ سے نکل کر سارے عالم میں پھیل گئے ۔ جو لوگ اس سے پہلے نا قابلِ ذکر سمجھے جاتے تھے انھوں نے تمام قابل ذکر علوم میں اپنے وقت کی سب سے بڑی ترقیاں کیں ۔ عربی زبان جو اس سے پہلے صرف ایک مقامی بولی کی حیثیت رکھتی تھی وہ ایک بین اقوامی زبان بن گئی ۔

اس کی وجہ اسلام کی آفاقیت اور عالمگیریت تھی ۔ اسلام نے ان کے بند ذہن کو کھول دیا ۔ وہ نیچر کو پوجتے تھے ، اسلام نے بتایا کہ نیچر تو مخلوق ہے اور بے بس ہے ۔ پوجنے کے قابل تو صرف خدا کی ذات ہے جو تمہارا اور تمام دنیا کا مالک ہے ۔ اس سے ان کے اندر یہ ذہن پیدا ہوا کہ نیچر جھکنے کی چیز نہیں ہے بلکہ ایسی چیز ہے جس کی تحقیق اور تسخیر کی جائے ۔ وہ انسان کو عرب اور عجم ، کالے اور گورے ، آزاد اور غلام ، اونچی نسل اور نیچی نسل میں بانٹے ہوئے تھے ۔ اسلام نے ان پر کھولا کہ تمام انسان ایک آدم کی اولاد ہیں ، ایک انسان اور دوسرے انسان میں کوئی فرق نہیں ۔ اس سے ان کے اندر وہ عالمی اور آفاقی ذہن پیدا ہوا جس نے پوری دنیا کو اپنا وطن اور ساری انسانیت کو اپنا کنبہ سمجھ لیا ۔ اسلام سے پہلے وہ دنیا سے الگ تھلگ ہو رہے تھے ۔ اسلام کے بعد وہ ساری دنیا کے شریک اور ساتھی بن گئے ۔

اسلام سے پہلے عرب کے لوگ قبائلی دور میں جی رہے تھے ، اسلام کی بنیاد پر جب فکری انقلاب آیا تو اس نے ان کو ایک بین اقوامی گروہ بنا دیا ۔ اس سے پہلے ان کی نظر چھوٹے چھوٹے مقاصد تک محدود تھی ، اسلام کے بعد ان کی نگاہ میں اتنی وسعت پیدا ہوئی کہ وہ خشکی اور تری کو

‹ Previous page Next page › Contents of December 1986 All issues

Printed page