Al-Risala · March 1987 · page 30

سویٹر لینڈ کا سفر دوسری قسط

الرسالہ، مارچ ۱۹۸۷، صفحہ ۳۰

ارباب عہدہ سے ذاتی طور پر ملاقات کرنے میں مجھے ہمیشہ تکلف ہوتا ہے ۔ اس بنا پر میں ڈاکٹر پیج (Dr Joseph Paige) سے ذاتی ملاقات نہ کر سکتا تھا۔ ایک موقع پر انھوں نے خود اس کی صورت پیدا کر دی۔ وہ اچانک اٹھ کر آئے اور میرے پاس خالی کرسی پر بیٹھ گئے۔ انھوں نے میرے ساتھ کئی تصویریں کھنچوائیں۔ اس دوران ان سے گفتگو ہوئی۔ میں نے ان کے سامنے کانفرنس کے زیر بحث موضوع پر اسلام کا تصور پیش کیا۔ اور انھیں انگریزی الرسالہ کے دو شمارے دیئے۔ اگلے دن میں نے دیکھا کہ وہ الرسالہ (انگریزی) ایک صاحب کو دکھا رہے ہیں۔ وہ اس کو اہتمام کے ساتھ اپنی فائل میں رکھے ہوئے تھے ۔

اجتماعی مواقع پر ایک مسئلہ یہ ہوتا ہے کہ اگر مقرر کی زبان اور سامعین کی زبان ایک دوسرے سے مختلف ہو تو تقریر کو سامعین کے لیے کس طرح قابل فہم بنایا جائے ۔ پہلے زمانہ میں اس کا طریقہ یہ تھا کہ مقرر کے ساتھ ایک اور آدمی بطور ترجمان کھڑا ہو اور وہ مقرر کی تقریر کو سامعین کی زبان میں بیان کرے ۔ اس کے بعد ان آلات کا زمانہ آیا جن کو عام طور پر ہیڈسٹ (Head set) کہا جاتا ہے ۔ اس میں تار کے ذریعہ مقرر کے الفاظ ترجمان تک پہنچائے جاتے تھے۔ اور دوبارہ تار کے ذریعہ ترجمان کی آواز سامعین تک پہنچتی تھی ۔

اب الیکٹرانکس کے دور میں مزید ترقی یافتہ طریقے وجود میں آگئے ہیں ۔ اب ایسے ہیڈسٹ بنائے گئے ہیں جن کے لیے تار کی ضرورت نہیں ہوتی۔ وہ تار کے بغیر کام کرتے ہیں ۔ اعلیٰ معیار کی کانفرنسوں میں اب یہی ہیڈسٹ استعمال ہوتے ہیں ۔ جنیوا کی کانفرنس میں بھی اسی کا انتظام تھا۔ مثلاً مقرر اگر فرانسیسی یا اسپینی زبان میں بول رہا ہو تب بھی عین اسی وقت چھوٹے سے ہیڈسٹ کے ذریعہ اس کو انگریزی میں سنا جا سکتا تھا۔ سامع کی نسبت سے مقرر کے الفاظ ناقابل فہم بولی کی حیثیت رکھتے تھے ۔ مگر ہیڈسٹ کے استعمال سے وہ سننے والوں کے لیے قابل فہم بن جاتے تھے ۔ اس قسم کی چیزیں آج عام ہو چکی ہیں لوگ ان کو " سائنس کا معجزہ " کہتے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ وہ خدا کا معجزہ ہے۔ میرا یہ حال ہے کہ میں جب اس قسم کی کسی سائنسی چیز کو دیکھتا ہوں تو مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ قرآن کی آیت (و اعطاكم من كل ما سألتموه) کی تفسیر ہے ۔ براہ راست خداوند عالم کا عطیہ ہے نہ کہ حقیقتہً انسانی سائنس کا عطیہ ۔

‹ Previous page Next page › Contents of March 1987 All issues

Printed page