ابتدائی عمل
الرسالہ، جولائی ۱۹۸۷، صفحہ ۷
ابتدائی عمل
کپڑے کی صنعت سے جو بے شمار کام متعلق ہیں ان میں سے ایک اہم کام کپڑے کی رنگائی ہے۔ مثلاً بہت سی ساڑیاں ابتدائر کپاس کے سادہ رنگ میں تیار کی جاتی ہیں ۔ اس کے بعد ان پر رنگ چڑھا کر ان کو جاذب بنایا جاتا ہے ۔ رنگائی کا یہ کام اس طرح نہیں ہوتا کہ بنی ہوئی ساڑی کو لے کر رنگ کے حوض میں ڈال دیا۔ اگر ایسا کیا جائے تو کبھی اچھا رنگ نہیں آئے گا۔ رنگائی کرنے سے پہلے سادہ ساڑی کو اس مقصد کے لیے تیار کیا جاتا ہے ۔ تیاری کے اس عمل کی تکمیل کے بعد ہی کپڑا اس قابل ہوتا ہے کہ اس کو رنگائی کے آخری مرحلہ میں داخل کیا جائے۔ اس پیشگی عمل کے بہت سے پہلو ہیں۔ مثلاً کپڑے کو نرم کرنا، داغ دھبہ مٹانا، اس کو سفید بنانا۔ اس سے کپڑے کے اندر یہ صلاحیت پیدا ہوتی ہے کہ وہ رنگ کو زیادہ سے زیادہ جذب کر سکے ۔ ان پیشگی تیاریوں کا بعد کی رنگائی اور چھپائی سے نہایت گہرا تعلق ہے۔ یہ معلوم کیا گیا ہے کہ رنگے ہوئے کپڑوں کی ۷۰ فی صد خرابیوں کا سبب یہی ہوتا ہے کہ ابتدائی کپڑے کو ناقص طور پر تیار کیا گیا تھا :
کپاس اور کپڑے کا یہ مزاج براہِ راست خداوند عالم کا پیدا کیا ہوا ہے ۔ یہ ایک عالمی قانون ہے جس سے موافقت کر کے انسان اپنی پسند کے کپڑے تیار کرتا ہے ۔ اس طرح گویا خدا نے ایک نشانی قائم کر دی ہے جو بتا رہی ہے کہ زندگی کی تعمیر کے لیے ہمیں کیا طریقہ اختیار کرنا چاہیے ۔ زندگی کی تعمیر میں بھی ضروری ہے کہ پہلے تیاری کے مراحل طے کیے جائیں ۔ تیاری کی شرطیں پوری کرنے کے بعد ہی وہ وقت آتا ہے جب کہ اگلے مرحلہ کی طرف پیش قدمی کی جائے اور وہ کامیابی حاصل کی جائے جو مطلوب ہے ۔ ابتدائی مراحل طے کیے بغیر کبھی آخری منزل نہیں آتی ۔
‹ Previous page Next page › Contents of July 1987 All issues