Poland to privatize State companies
الرسالہ، نومبر ۱۹۸۷، صفحہ ۳۰
موضوعات پر تبادلہ خیال رہا۔ بمبئی کا ایک اردو ہفت روزہ اخبار جو اپنے جذباتی بلکہ مشتعل انداز کے لیے مشہور ہے ، وہ اس علاقہ میں کافی پڑھا جاتا ہے۔ ایک صاحب نے اس اخبار کا ذکر کرتے ہوئے کہا: یہاں کے لوگوں کا مزاج تو یہی اخبار بنا رہا ہے۔ میں نے کہا کہ اخبار مزاج نہیں بنا رہا ہے، بلکہ وہ بنے ہوئے مزاج کو استعمال کر رہا ہے۔ ان اخباروں میں مزاج بنانے کی طاقت نہیں۔ وہ تو صرف مسلمانوں کے بگڑے ہوئے مزاج کو استعمال کر سکتے ہیں اور وہی کر رہے ہیں۔ اورنگ آباد کی آبادی تین لاکھ ہے۔ اس میں مسلمانوں کا تناسب تقریباً ۳۵ فی صد ہے۔ وہ یہاں ہر اعتبار سے اچھی حیثیت رکھتے ہیں ۔ مگر میرے اندازہ کے مطابق ابھی تک وہ اپنی اس حیثیت کا مثبت استعمال نہ کرسکے۔ ان کی طاقت زیادہ تر آپس کے اختلافات اور بے فائدہ مظاہروں میں ضائع ہورہی ہے۔ موجودہ زمانہ کے مسلمانوں کی اصل خرابی فخر کی نفسیات ہے۔ قرآن کی آیت لقد کان لكم فى رسول الله اسوة حسنة کو انھوں نے بدل کر اس طرح کر دیا ہے : لقد کان لكم في رسول الله مفخرة حسنة ۔ جن مقامات پر مسلمان مادی اعتبار سے غیر اہم ہوں وہاں وہ دبے ہوئے رہتے ہیں ۔ اور جہاں انھیں کچھ محفوظ حیثیت حاصل ہو جائے وہاں ان کا مخصوص ذہن فوراً ایک جزیرہ فخر تعمیر کر لیتا ہے ۔ دونوں ہی قسم کے مقامات پر مسلمان کوئی مؤثر کردار ادا کرنے سے محروم رہتے ہیں ۔ اول الذکر مقامات پر غیر ضروری احساس کمتری کی بنا پر اور ثانی الذکر مقامات پر غیر ضروری احساس برتری کی بنا پر ۔ اورنگ آباد سے جامنیر کا سفر بذریعہ کار طے ہوا۔ اورنگ آباد اور جامنیر کے درمیان سلور ہے۔ یہاں ظہر کی نماز پڑھی گئی ۔ یہاں کوئی پروگرام پہلے سے نہیں رکھا گیا تھا۔ مگر لوگوں کو میری آمد کی خبر ملی تو لوگ بڑی تعداد میں جمع ہو گئے۔ ان کے اصرار پر یہاں نماز ظہر کے بعد مختصر تقریر کی۔ معلوم ہوا کہ سلور میں کافی لوگ ہیں جو برابر الرسالہ کا مطالعہ کر رہے ہیں ۔ آگے بڑھے تو ایک اور مقام آیا جس کا نام پہور ہے۔ یہاں کے لوگ بھی خبر سن کر جمع ہو گئے تھے اور چاہتے تھے کہ ہم لوگ کچھ دیر وہاں ٹھہریں اور تقریر کا پروگرام رکھا جائے۔ مگر وقت کی کمی کی بنا پر ہم لوگ یہاں ٹھہر نہ سکے اور آگے روانہ ہو گئے۔ پہور میں بھی الرسالہ پڑھا جا رہا ہے۔ یہ اللہ کا فضل ہے کہ الرسالہ اب محض ایک رسالہ نہیں رہا ، اب وہ ایک تحریک بن چکا ہے۔
‹ Previous page Next page › Contents of November 1987 All issues