Al-Risala · March 1989 · page 17

پانچ دن

الرسالہ، مارچ ۱۹۸۹، صفحہ ۱۷

پانچ دن

پنڈت جواہر لال نہرو ۱۴ نومبر ۱۸۸۹ کو الہ آباد میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے انگلینڈ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ ہندوستان کی سیاست میں انھیں مہاتما گاندھی کے بعد سب سے اونچا مقام ملا۔ ۱۹۴۷ میں ہندوستان آزاد ہوا تو وہ ملک کے وزیراعظم بنائے گئے اور اپنی عمر کے آخری لمحہ تک وزیراعظم رہے۔ ملکی اور عالمی سیاست میں انھیں غیر معمولی شہرت حاصل ہوئی۔

اپنی عمر کے آخری حصہ میں وزیراعظم کی حیثیت سے انھوں نے ایک پریس کانفرنس کی ۔ یہ پریس کانفرنس ۲۲ مئی ۱۹۶۴ کو نئی دہلی میں ہوئی۔ اس پر ہجوم پریس کانفرنس میں جو کارروائی ہوئی اس کا ایک جزو یہ تھا :

پریس کانفرنس کا آخری سوال، جیسا کہ خود نہرو نے کہا، سب سے اہم تھا۔ ایک حالیہ ٹیلی وژن انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے جس میں نہرو نے کہا تھا کہ وہ اپنی لڑکی (اندرا گاندھی) کو اپنے جانشین کی حیثیت سے تیار نہیں کر رہے ہیں ، ایک اخبار نویس نے پوچھا کہ کیا یہ بہتر نہ ہوگا کہ وہ اس سوال کو اپنی زندگی ہی میں طے کردیں۔ اپنی کرسی پر ٹیک لگا کر، ایک مسکراتے ہوئے جواہر لال نہرو نے جواب دیا : میری زندگی اتنی جلد ختم ہونے والی نہیں۔ اس موقع پر ۳۰۰ سے زیادہ صحافی موجود تھے۔ انھوں نے اپنی میز پر گھونسامارا اور بہت خوش ہوئے۔ جواہر لال اس پریس کانفرنس کے بعد اپنی آخری چھٹی منانے کے لیے دہرہ دون روانہ ہوگئے (صفحہ ۵۸۱)

اس واقعہ کے صرف پانچویں دن ۲۷ مئی ۱۹۶۴ کو نئی دہلی میں جواہر لال نہرو کا انتقال ہوگیا۔ نہرو وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر یہ کہہ رہے تھے کہ "میری زندگی جلد ختم ہونے والی نہیں"

‹ Previous page Next page › Contents of March 1989 All issues

Printed page