Al-Risala · May 1989 · page 38

مکمل اعراض ہی تمام مسائل کا حل

الرسالہ، مئی ۱۹۸۹، صفحہ ۳۸

اس سفر میں ایک نئی بات یہ سامنے آئی کہ پچھلے ایک سال کے عرصہ میں ڈاکٹر حمید اللہ ندوی اور ان کے ساتھیوں نے ہند و مسلم تعلقات کو خوش گوار بنانے کا کام وسیع پیمانہ پر کیا ہے۔ اس کے بعد دونوں فرقے ایک دوسرے سے قریب آئے ہیں۔ اس کے نتیجہ میں نہ صرف فرقہ وارانہ فسادات کے خلاف روک قائم ہوا ہے بلکہ دعوت کے کام کے لئے بھی نئے امکانات کھلے ہیں۔ اس انداز کی کوششیں ملک کے ہر شہر اور ہر علاقے میں کی جانی چاہئیں۔ مسٹر پریم نرائن گپتا ایڈوکیٹ بھوپال کی انسانی برادری کے صدر ہیں۔ ایک مشترک نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے میں نے کہا کہ ہمارا ملک دو مرحلوں سے گزر چکا ہے اور اب اسے تیسرے مرحلہ میں داخل ہونا ہے۔

پہلا مرحلہ1947 سے پہلے کا ہے۔ اس وقت ہندوستان پر انگریزوں کی حکومت تھی۔ ہمارے لیڈروں نے کہا کہ ہماری تمام مصیبتوں کی جڑ بدیشی حکومت ہے۔ اگر بدیشی راج ختم ہو جائے اور ملک والوں کی اپنی حکومت قائم ہو جائے تو یہاں دودھ اور شہد کی نہریں بہیں گی، ہر آنکھ کے آنسو پونچھ دیئے جائیں گے۔ ۱۹۴۷ء میں یہ نشانہ پورا ہو گیا۔ مگر آدھی صدی گزرنے کے بعد بھی ہمارا کوئی مسئلہ حل نہ ہوا۔

دوسرا مرحلہ وہ ہے جو آزادی کے بعد شروع ہوا۔ اس کو ایک لفظ میں، قانون کے ذریعہ اصلاح، کہا جا سکتا ہے۔ ۱۹۴۷ء سے لے کر اب تک بے شمار قانون ہر چیز کے بارہ میں بنائے گئے۔ مگر قانون کی بھر مار کے باوجود ہمارا کوئی ایک مسئلہ بھی حل نہ ہوا۔ بلکہ "غلام ہندوستان" میں جتنے مسئلے تھے، اب "آزاد ہندوستان" میں اس سے زیادہ مسئلے پائے جاتے ہیں۔

اب آخری بات یہ ہے کہ اس معاملہ میں ہم مذہب کا تجربہ کریں۔ میں سمجھتا ہوں کہ مذہب ہی واحد چیز ہے جو زندگی کے معاملات کو درست کرتا ہے۔ میں نے کہا کہ مذہب کا مطلب لاؤڈاسپیکروں کا شور اور جلوسوں کے مظاہرے نہیں ہیں۔ مذہب کی اصل حقیقت جوابدہی (Accountability) ہے۔ یعنی یہ کہ انسان کو اپنے تمام کاموں کا خدا کے سامنے جواب دینا ہے۔ اب کرنے کا کام یہ ہے کہ لوگوں میں اس احساس کو جگایا جائے، ایک نشست ہوئی جس میں کچھ مسلمان تھے اور زیادہ تر ہند و بھائی شریک تھے۔ میں نے کہا کہ برصغیر (ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش) کا اگر آپ سفر کریں تو آپ پائیں گے کہ ہر آدمی بس ایک ہی سوچ میں گرفتارہے، اور وہ ہند و مسلم سوچ ہے۔ اس علاقہ میں تقریباً ۲۰۰ ملین انسان آباد ہیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 1989 All issues

Printed page