Al-Risala · September 1989 · page 20

کراہتِ حق

الرسالہ، ستمبر ۱۹۸۹، صفحہ ۲۰

کراہتِ حق

قرآن میں ایک سے زیادہ مقام پر کہا گیا ہے کہ ہم نے لوگوں کے پاس حق بھیجا۔ مگر اکثر لوگ حق سے بیزار رہے (المومنون ۷۰ ، الزخرف ۷۸) قتادہ کہتے ہیں کہ ہم سے بتایا گیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ملاقات ایک شخص سے ہوئی۔ آپ نے اس سے کہا کہ اسلام قبول کر۔ آدمی نے کہا کہ آپ مجھ کو ایک ایسی چیز کی طرف بلاتے ہیں جو مجھے پسند نہیں۔ آپ نے فرمایا اگر تمہیں پسند نہ ہو تب بھی (قال قتادة : ذكر لنا ان النبي صلى الله عليه وسلم لقي رجلاً فقال : اسلم ۔ فقال الرجل انك لتدعوني الى امر انا له كاره ۔ فقال نبي الله صلى الله عليه وسلم : وان كنت كارهاً)

اس کی تفصیل یہ ہے کہ انسان کے لیے عمل کے دو راستے ہیں۔ ایک ، اتباع حق۔ اور دوسرے، اتباع اہواء (المومنون ۷۱) حق پر چلنے کے لیے آدمی کو سوچ کر فیصلہ کرنا پڑتا ہے۔ اہواء (خواہشات) کا معاملہ یہ ہے کہ وہ آدمی کے اندر سے اپنے آپ اٹھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر معاملہ میں آدمی ابتدائی طور پر خواہشات کے راستہ پر چل پڑتا ہے۔ اور حق پر چلنے کے لیے خواہشات کو دبانا اور نفس کے تقاضوں پر صبر کرنا ضروری ہے ۔

ایسی حالت میں اگر کوئی ایسی تحریک اٹھے جو لوگوں کی خواہشات کے مطابق ہو تو اس کا ساتھ دینے کے لیے لوگوں کو کسی محنت یا قربانی کی ضرورت نہیں ہوگی۔ کیوں کہ یہ تو وہی راستہ ہوتا ہے جس پر لوگ عملاً پہلے ہی سے قائم ہوتے ہیں۔ ایسی تحریک کے ساتھ چلنے کے لیے لوگوں کو اپنا راستہ بدلنے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔ یہی وجہ ہے کہ اس قسم کی تحریکوں کے گرد بہت جلد لوگوں کی بھیڑ اکٹھا ہو جاتی ہے۔ اس کے برعکس جب حق کی بے آمیز دعوت اٹھتی ہے تو وہ گویا راستہ بدلنے کی دعوت ہوتی ہے۔ اس کو ماننا یہ تقاضا کرتا ہے کہ آدمی اپنی سوچ کو بدلے۔ اپنے جذبات پر روک لگا کر اس کو ایک سمت سے دوسری سمت کی طرف موڑ دے۔ مزید یہ کہ حق کی دعوت کو ماننا لوگوں کے لیے عزت اور ساکھ کا سوال بھی بن جاتا ہے۔ کیونکہ حالتِ موجودہ میں حق کو ماننا دوسرے لفظوں میں یہ کہنے کے ہم معنی ہوتا ہے کہ " میں غلطی پر تھا " یہی وجہ ہے کہ جب بھی بے آمیز حق کی دعوت اٹھتی ہے تو اکثر لوگ اس کو ماننے میں کراہت محسوس کرنے لگتے ہیں۔ وہ اس سے بیزاری کا اظہار کرتے ہیں۔ وہ اس کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔

‹ Previous page Next page › Contents of September 1989 All issues

Printed page