Al-Risala · February 1989 · page 11

خلافِ زمانہ تحریک

الرسالہ، فروری ۱۹۸۹، صفحہ ۱۱

خلافِ زمانہ تحریک

انگریز جب انیسویں صدی میں ہندوستان آئے، اس وقت یہاں کی سرکاری زبان فارسی تھی۔ انگریزوں نے طے کیا کہ فارسی کے بجائے انگریزی کو یہاں کی سرکاری زبان بنائیں۔ وہ اپنے فیصلہ میں اس حد تک کامیاب ہوئے کہ انگریزی نے نہ صرف سرکاری زبان کی جگہ لے لی، بلکہ یہی زبان پورے برصغیر ہند میں عوامی رابطہ کی زبان بن گئی۔ ۱۹۴۷ء میں ہندوستان آزاد ہوا تو ملک کے لیڈروں نے اعلان کیا کہ آزاد ہندوستان کی سرکاری زبان ہندی ہوگی۔ حتی کہ انھوں نے نئے ہندوستان کے لیے جو دستور بنایا، اس میں ایک باضابطہ دفعہ کے تحت یہ طے کر دیا کہ پندرہ سال کے بعد انگریزی کو ختم کرکے ہندی کو دیوناگری رسم خط میں ملک کی قومی اور سرکاری زبان بنا دیا جائے گا۔ مگر آزاد ہندوستان کے لیڈروں کو اس میں مکمل ناکامی ہوئی۔ آج بھی انگریزی زبان پوری قوت کے ساتھ ملک میں رائج ہے۔ وہ بدستور پورے ملک میں عوامی رابطہ کی زبان بنی ہوئی ہے۔ اس فرق کی وجہ یہ ہے کہ برٹش راج ایک شاہی راج تھا، ہندوستان کا موجودہ راج ایک عوامی راج ہے۔ آج جو کچھ ہوتا ہے عوام کے چاہنے سے ہوتا ہے۔ عوام نے انگریزی کو ختم کرنا نہ چاہا، اس لیے قانون سازی کے باوجود انگریزی اس ملک سے ختم نہ ہوسکی۔

ملک کے سیاسی نظام میں یہ ایک بنیادی تبدیلی تھی جو آزادی کے بعد پیش آئی۔ مگر ہمارے تمام لیڈر، خواہ وہ بے ریش ہوں یا باریش، اس حقیقت سے بالکل بے خبر رہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ پچھلی نصف صدی سے اپنی ساری قیا دتی دوڑ حکمرانوں کی طرف لگائے ہوئے ہیں۔ یہ ایک قسم کی خلاف زمانہ حرکت (Anachronism) ہے ۔ وہ عملاً دور عوام میں ہیں، مگر اپنی سوچ کے اعتبار سے وہ ابھی تک دورِ بادشاہی میں جی رہے ہیں۔ قدیم زمانہ کی طرح اب بھی وہ یہی سمجھتے ہیں کہ تمام مسائل حکمرانوں کے حل کرنے سے حل ہوں گے۔ حالاں کہ یہ صرف تاریخ اور سیاست سے ناواقفیت کا ثبوت ہے۔ اگر وہ تاریخ کی تبدیلیوں کو جانتے تو انھیں معلوم ہوتا کہ آج عوامی سیاست کا دور ہے، آج مسائل کا سرچشمہ عوام ہیں نہ کہ حکمران۔ مسلم رہنما اگر اس راز کو پالیتے تو وہ اپنی کوششوں کا رخ اکثریتی عوام کی طرف کر دیتے ۔ مگر اس حقیقت سے بے خبری کی بنا پر وہ صرف حکمرانوں کی طرف دوڑتے رہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ بے شمار کوششوں اور قربانیوں کے باوجود آج تک مسلمانوں کے مسائل میں سے کوئی بھی مسئلہ حل نہیں ہوا۔

II

‹ Previous page Next page › Contents of February 1989 All issues

Printed page