Al-Risala · May 1990 · page 16

سماجی برائی

الرسالہ، مئی ۱۹۹۰، صفحہ ۱۶

سماجی برائی

سگریٹ کو موجودہ زمانہ میں بہت ترقی ہوئی ہے ۔ مگر سائنسی تحقیقات بتاتی ہیں کہ سگریٹ پینا زبردست نقصان کا باعث ہے ۔ مغربی ماہرین نے تجربات کے بعد بتایا ہے کہ سگریٹ پینے سے ایک آدمی کی زندگی کے ۲۲۵۰ دن کم ہوجاتے ہیں۔ سگریٹ نہ پینے والوں کے مقابلہ میں سگریٹ پینے والے دس گنا زیادہ دل کے مریض ہوتے ہیں۔ سگریٹ پینے والے کثرت سے اچانک موت کا شکار ہوتے ہوئے پائے گئے ہیں ، وغیرہ ۔

سگریٹ پینے کے نقصانات اب ایک ثابت شدہ حقیقت بن چکے ہیں ۔ پچھلے پچاس سال سے مختلف صورتوں میں یہ الفاظ لوگوں کے دماغ میں ڈالے جاتے رہے ہیں کہ تمباکو نوشی صحت کے لیے مضر ہے ۔ مگر تازہ تحقیقات نے اس معاملہ میں انقلابی تبدیلی کی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ صرف تمباکو پینا خطرناک نہیں ہے، بلکہ تمباکو پینے والے سماج میں رہنا بھی خطرناک ہے۔ چنانچہ اب ایک نئی اصطلاح وضع ہوئی ہے جس کو منفعل تمباکو نوشی (passive smoking) کہا جاتا ہے۔ تمباکو پینے والا جو دھواں نکالتا ہے ۔ وہ اس کے منہ سے نکل کر ہوا میں شامل ہو جاتا ہے ۔ اس آلودہ ہوا میں لوگ سانس لیتے ہیں۔ اس طرح ہر آدمی تک اس کا ایک حصہ پہونچتا رہتا ہے ۔

تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ فعال تمباکو نوشی (active smoking) کے جو نقصانات ہیں، وہی تمام نقصانات منفعل تمباکو نوشی کے بھی ہیں۔ مثلاً دہلی میں رہنے والا ہر آدمی خواہ وہ براہ راست سگریٹ نہ پیتا ہو ، مگر بالواسطہ انداز میں وہ روزانہ ۱۰ سے ۲۰ سگریٹ تک پی رہا ہے ۔ اس طرح اس کی صحت کے لیے بھی انھیں خطرات کا اندیشہ ہے جو باضابطہ سگریٹ پینے والے کے لیے ہے۔ سگریٹ کے خلاف مہم چلانے والوں کا نعرہ پہلے یہ تھا کہ " تمہاری تمباکو نوشی تمہاری صحت کے لیے مضر ہے! مگر اب انھوں نے نیا نعرہ وضع کیا ہے ۔ تمہاری تمباکو نوشی میری صحت کے لیے مضر ہے :

Your smoking is injurious to my health.

اگر آپ برائی سے پاک رہنا چاہتے ہیں تو پورے سماج کو برائی سے پاک کرنے کی کوشش کیجئے ۔ سماج اگر برائی میں مبتلا ہو تو فرد بھی اپنے آپ کو اس برائی کے اثرات سے محفوظ نہیں رکھ سکتا۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 1990 All issues

Printed page