Al-Risala · May 1990 · page 26

Criticism of the Hegelian Philosophy of Right

الرسالہ، مئی ۱۹۹۰، صفحہ ۲۶

پورے سوویت یونین میں مکمل طور پر جبر کی حکومت قائم کر دی گئی ۔ بظاہر ایسا معلوم ہونے لگا کہ مذ ہبی کام کے مواقع اب صرف پہلی دنیا اور تیسری دنیا میں ہیں ۔ دوسری دنیا میں مذہب کو اب کوئی موقع ملنے والا نہیں ۔

مگر مذکورہ آیت کے مطابق ، اللہ کی طاقت نے کام کیا ۔ خود سوویت یونین کے اندر ایسے اسباب پیدا ہوئے کہ روس کا اشتراکی قلعہ متزلزل ہو گیا ۔ حتیٰ کہ اس کی اینٹیں نکل نکل کر بکھرنے لگیں ۔ روسی کیمپ میں ہونے والا یہی واقعہ ہے جس کی سرخی امریکی میگزین نیوز ویک (۱۶ اکتوبر ۱۹۸۹) نے ان لفظوں میں قائم کی ہے کہ اشتراکی دنیا میں کا یا پلٹ (A world transformed)

ٹائم میگزین (۱۲ مارچ ۱۹۹۰) نے اس سلسلہ میں روس کے نظام میں تبدیلی پر تفصیلی رپورٹ شائع کی ہے ۔ اس رپورٹ کا ایک حصہ اسلام اور مسلمانوں کے بارہ میں ہے ۔ اس کا کہنا ہے کہ تقریباً ۵۵ ملین سوویت مسلمان مذہبی رواداری (religious tolerance) کے بارہ میں نئی روسی پالیسی کا فائدہ حاصل کر رہے ہیں ۔ اس رپورٹ کا عنوان بامعنی طور پر یہ ہے کارل مارکس محمد کے لئے جگہ خالی کرتا ہے : Karl Marx makes room for Muhammad روسی علاقہ میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً ۲۰ فی صد ہے ۔ سابق روسی حکمران جوزف اسٹالن نے ۱۹۳۲ میں روس سے مذہب کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ ۱۹۱۷ سے پہلے روس میں ۲۶ ہزار مسجدیں تھیں ۔ چند کو چھوڑ کر سب کی سب مسجدیں بند کر دی گئیں یا توڑ کر ختم کر دی گئیں۔ ہزاروں کی تعداد میں مذہبی مسلمانوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ چار سال پہلے خود گور با چیف نے اسلام کو ترقی کا دشمن (enemy of progress) بتایا تھا ۔ مگر آج حالات بالکل مختلف ہیں ۔

کچھ سال پہلے تک روس میں قرآن کی حیثیت ایک ممنوعہ کتاب کی تھی ۔ آج یہ حال ہے کہ سعودی عرب نے قرآن کے ایک ملین نسخے روس بھیجنے کا اعلان کیا تو روس کی ہوائی کمپنی ایروفلاٹ (Aeroflot) اس پر راضی ہو گئی کہ وہ قرآن کے ان نسخوں کو سعودی عرب سے روس لے جانے کی خدمت انجام دے گی ۔ خدا چاہتا ہے کہ اس دنیا میں مکمل مذہبی آزادی موجود ہو۔ سوویت روس کے اشتراکی حکمرانوں نے اس آزادی کا خاتمہ کر دیا تھا۔ آخر کار خدا کی طاقت ظاہر ہوئی۔ اس نے اشتراکی قلعہ کو اس طرح توڑ دیا جیسے کہ وہ قلعہ نہ تھا ، بچوں کا ایک گھروندا تھا جو ہوا کے ایک جھونکے سے بکھر کر رہ گیا ۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 1990 All issues

Printed page