Al-Risala · July 1990 · page 20

عنقریب اسلام کی فصل بہار آنے کو ہے

الرسالہ، جولائی ۱۹۹۰، صفحہ ۲۰

اس رہنمائی میں بیک وقت دو غلطیاں تھیں ۔ اس میں انتہائی معصومانہ طور پر یہ فرض کر لیا گیا کہ مسلمانوں کے ہاتھ میں قرآن ہے اور ان کے دل میں اللہ کا خوف موجود ہے ۔ حالاں کہ اصل واقعہ یہ تھا کہ صدیوں کے زوال کے نتیجہ میں قرآن سے مسلمانوں کا رشتہ ٹوٹ چکا تھا، اور قساوت کے نتیجہ میں ان کے دل اللہ کے خوف سے خالی ہو چکے تھے ۔

ایسی حالت میں ضرورت تھی کہ لمبی اور خاموش جد وجہد کے ذریعہ جدید مسلم نسلوں کے دماغ میں دوبارہ قرآن کی روشنی پیدا کی جائے اور ان کے دلوں کو دوبارہ خدا کے خوف سے کانپنے والا بنایا جائے ۔ یہ ایک بے حد صبر آزما کام تھا۔ مگر مسلم رہنماؤں نے اس داخلی محاذ پر محنت کیے بغیر خارجی نعروں پر قوم کو دوڑا نا شروع کر دیا۔ چنانچہ ان کی ساری کوششوں کا انجام اس چھت کا سا ہوا جو دیمک زدہ لکڑی کے اوپر کھڑی کر دی گئی ہو۔

اس رہنمائی میں دوسری بھیانک غلطی یہ تھی کہ انہوں نے زمانےکے فرق کو نہیں سمجھا۔ قدیم زمانہ میں "تلوار" طاقت کا نشان تھی ، موجودہ زمانہ میں "علم" طاقت کا نشان ہے۔ مگر مسلم رہنما اندوہناک حد تک اس فرق سے بے خبر رہے ۔ انھوں نے ناقابل فہم نادانی کے تحت سائنس کے دور میں ہر طرف تلوار کا ترانہ گانا شروع کر دیا ۔

اس غلط رہنمائی کا نتیجہ یہ ہوا کہ پوری کی پوری نسل جنگ جویانہ ذہنیت میں مبتلا ہوگئی۔ ہر شخص بس جنگ اور ٹکراؤ کی اصطلاحوں میں سوچنے لگا ۔ جس کے پاس تلواری جنگ چھیڑنے کا موقع تھا ۔ اس نے اپنے مفروضہ دشمنوں کے خلاف تلواری جنگ چھیڑ دی ۔ اور جن لوگوں کے پاس صرف الفاظ تھے ، انھوں نے الفاظ کی لا متناہی بم باری کا مشغلہ اپنے لیے اختیار کر لیا۔ اس انداز کار کے نتیجہ میں نوبت یہاں تک پہنچی ہے کہ اب مسلمانوں میں وہی آوازیں مقبولیت کا درجہ حاصل کرتی ہیں جو جنگ جویانہ لہجے میں بولی گئی ہوں ۔ تعمیر اور حقیقت پسندی کی بات مسلمانوں کو اپیل نہیں کرتی ۔ جنگ جویانہ نعروں پر فی الفور ان کی بھیڑ جمع کی جا سکتی ہے مگر پر امن اور خاموش پروگرام کے نام پر انہیں بلائیے تو آپ کا پنڈال بالکل سونا پڑا رہے گا۔ موجودہ زمانہ میں مسلمانوں کا پورا ادب اور ان کی تمام سرگرمیاں اسی نہج پر قائم ہوگئی ہیں ۔ ان کی ہر تحریک میں کسی نہ کسی اعتبار سے یہی روح کار فرما ہے۔ آپ ان کے جس

‹ Previous page Next page › Contents of July 1990 All issues

Printed page