ترتیَب
الرسالہ، اپریل ۱۹۹۱، صفحہ ۷
ترتیَب
خلیفہ دوم عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ کا ذکر انسائیکلو پیڈیا برٹانیکا میں اتنا مختصر ہے کہ وہ الرسالة انگریزی کی صرف دو سطروں کے برابر ہے۔ مگر ڈاکٹر مائیکل ہارٹ نے اپنی مشہور کتاب (100 The) میں پوری تاریخ سے جن ایک سو بڑے آدمیوں کا انتخاب کیا ہے، ان میں عمر بن الخطاب کا نام نمبر ۵۱ پر ہے۔ یہ ایک مثال ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ تاریخ میں کسی کا نام آنا یا نام نہ آنا، یا کم ذکر ہونا یا زیادہ ذکر ہونا، کوئی معیار نہیں۔ مورخین کبھی کسی شخصیت کو اپنی کتاب میں حذف کر دیتے ہیں، حالانکہ وہی شخصیت سب سے زیادہ قابلِ ذکر ہوتی ہے، اور کبھی کسی شخصیت کو نمایاں کر کے بیان کرتے ہیں، حالانکہ وہ شخصیت سرے سے اس قابل نہیں ہوتی کہ اس کو بیان کیا جائے۔
عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ کے بارہ میں ڈاکٹر مائیکل ہارٹ نے جو کچھ لکھا ہے، اس کا ایک حصہ یہ ہے عمر کی کامیابیاں حقیقتاً بے حد اثر انگیز ہیں۔ کچھ لوگوں کو تعجب ہو گا کہ عمر، جو کہ مغرب میں تقریباً غیر معروف ہیں، ان کو اس کتاب میں شارلیمان اور جولیس سیزر جیسی شخصیتوں سے زیادہ بڑا مقام دیا جائے۔ تاہم عمر کی شاندار قیادت کے تحت عربوں نے جو فتوحات حاصل کیں، ان کا پھیلاؤ اور ان کی مدت اپنی حقیقت کے اعتبار سے سیزر اور شارلیمان کے کارناموں سے زیادہ اہم ہیں :
Umar’s achievements are impressive indeed... It may occasion some surprise that Umar – a figure virtually unknown in the west – has been ranked higher than such famous men as Charlemagne and Julius Caesar. However, the conquests made by the Arabs under Umar’s bril- liant leadership, taking into account both their size and their duration, are substantially more important than those of either Caesar or Char- lemagne (p. 257). انسائیکلو پیڈیا برٹانیکا نے عمر فاروق کو کوئی خاص قابلِ ذکر مقام نہیں دیا۔ ڈاکٹر مائیکل ہارٹ نے آپ کو دنیا کے بڑے انسانوں میں نمبر ۵۱ پر رکھا۔ اسلامی تاریخ میں آپ کا نام نمبر ۳ پر لکھا ہوا ہے۔ کتنے اللہ کے بندے ہیں جن کو دنیا کے لکھنے اور بولنے والوں نے ناقابلِ ذکر ٹہرا رکھا ہے۔ آخرت کا انقلاب اس کی تصحیح کرے گا۔ اس وقت ہر ایک کا نام وہاں لکھا جائے گا جس کا وہ حقیقتاً مستحق تھا نہ کہ وہاں جہاں لوگوں نے بطورِ خود اس کا نام لکھ رکھا تھا۔
‹ Previous page Next page › Contents of April 1991 All issues