Al-Risala · May 1991 · page 40

A Patriot a day keeps Scuds away

الرسالہ، مئی ۱۹۹۱، صفحہ ۴۰

ٹائمس آف انڈیا (۱۹ فروری) کی ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ بحرین کے ایک انٹرنیشنل ہوٹل میں ایک لطیفہ مشہور ہورہا ہے کہ ایک پیٹریٹ روزانہ استعمال کرو اور اسکڈ کو دور بھگاؤ :

A Patriot a day keeps Scuds away

سوویت یونین نے اسکڈ کے نام سے خطرناک قسم کے دور مار میزائل بنائے۔ عراق نے ان کو بڑی تعداد میں خرید کر اپنے یہاں جمع کر لیا۔ عراق کے لئے ان کی حیثیت بے پناہ ہتھیار کی تھی۔ ان کے ذریعہ وہ سعودی عرب اور دوسرے عرب ملکوں پر قیامت ڈھادیتا۔ اس نے ظہران اور ریاض وغیرہ پر بہت سے اسکڈ پھینکے ۔ مگر یہ شہر تباہی سے بچ گئے ۔ اس کی وجہ امریکہ کے پیٹریٹ میزائل تھے جنہوں نے فضا ہی میں عراقی اسکڈ سے ٹکرا کر انھیں تباہ کر دیا۔

سوویت یونین نے جب اسکڈ بنائے تو امریکہ نے اس کے اس اہم فوجی راز کو دریافت کیا اور اس کا توڑ تیار کرنے کے لئے ریسرچ شروع کر دی ۔ اسی ریسرچ کا نتیجہ پیٹریٹ تھے ۔ اسکڈ جب آواز سے چھ گنا زیادہ تیز رفتار کے ساتھ فضا میں اڑتا ہے تو پیٹریٹ فوراً ہی اس کا پتہ کر لیتا ہے ۔ چنانچہ جس وقت اسکڈ اپنے لانچر سے نکل کر نشانہ کی طرف چلتا ہے، عین اسی وقت پیٹریٹ بھی مخالف سمت سے اس کی طرف روانہ ہو جاتا ہے ۔ وہ پیچھا کر کے اسکڈ سے ٹکرا جاتا ہے اور اس کو نشانہ پر پہنچنے سے پہلے برباد کر دیتا ہے۔ امریکہ کی سازش اور دریسہ کاری نہیں، بلکہ اس کی اسی قسم کی صلاحیت ہے جس نے اس کو خلیج میں آنے کا موقع دیا ہے۔ عربوں کے پاس عراقی اسکڈ کا کوئی توڑ نہ تھا ۔ اس لئے وہ مجبور تھے کہ امریکہ کو دعوت دیں۔ حتی کہ اسی ٹائمس آف انڈیا میں واشنگٹن پوسٹ کے حوالہ سے یہ خبر چھپی ہے کہ آٹھ عرب ملک (مصر، شام، سعودی عرب، کویت، بحرین، عمان، قطر، عرب امارات) ابھی سے نقشہ بنا رہے ہیں کہ پندرہ بلین ڈالر سے ایک فنڈ قائم کریں اور امریکہ سے کہیں کہ جنگ کے خاتمہ کے بعد بھی اس کی بحری اور فضائی فوجیں عرب کے آفاق کے اوپر (over the horizon) محسوس طور پر باقی رہیں تاکہ عرب ملکوں کے لئے بعد کو دوبارہ کوئی سیاسی مسئلہ پیدا نہ ہو سکے ۔ موجودہ زمانہ کے مسلمانوں کی اصل کمزوری ان کی وسائل سے محرومی ہے۔ جب تک اس کمی کو دور نہ کیا جائے اسلام دشمنوں کی سازش اور دریسہ کاری کے خلاف احتجاج کا کوئی فائدہ نہیں ۔ ایسی باتیں صرف جھنجھلاہٹ کو بڑھاتی ہیں ، وہ مسئلہ حل نہیں کرتیں ۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 1991 All issues

Printed page