Al-Risala · May 1991 · page 41

A Patriot a day keeps Scuds away

الرسالہ، مئی ۱۹۹۱، صفحہ ۴۱

ریاض کے عربی ہفت روزہ الدعوۃ (۷ فروری ۱۹۹۱) کے موضوع الغلاف کا عنوان تھا کہ خاتمہ قریب آگیا (النھایۃ تقترب) اسی طرح المجلة (۲۷ فروری) کی کور اسٹوری کا عنوان ہے: معرکة تحریر الکویت : الفصل الاخير ۔ ٹائم جس پر ۲۵ فروری کی تاریخ چھپی ہوئی ہے ۔ وہ حسبِ قاعدہ پیشگی طور پر مجھے آج ملا۔ اس کی کور اسٹوری خلیج کی جنگ ہے اور اس کا عنوان بھی یہی قائم کیا گیا ہے کہ خاتمہ کا آغاز : Beginning of the end اتحادی طاقتوں کی رات دن کی مسلسل بمباری نے عراق کی دو تہائی فوجی طاقت برباد کر دی۔ عراق کے شہر اور اس کے بیشتر اہم مقامات کھنڈر ہوگئے ۔ صدام حسین جو آخری فتح سے پہلے نہ رکنے کی باتیں کرتے تھے، وہ اب جنگ بندی کی پیش کش کر رہے ہیں ۔ ہولناک جنگ کے یک طرفہ خاتمہ کا آغاز شروع ہو چکا ہے۔ ٹائم کے مذکورہ شمارہ میں عراق کی تباہی کی دردناک تصویریں ہیں۔ ایک تصویر میں ایک عراقی عورت اپنے تباہ شدہ مکان کے طاقہ پر سر پکڑتے ہوئے بیٹھی ہے۔ ایک تصویر میں مردہ عراقیوں کی لاشیں ٹرکوں میں لاد کر لے جائی جا رہی ہیں۔ ایک تصویر میں ایک وسیع کھنڈر کے اوپر بیٹھی ہوئی دو عورتیں رو رہی ہیں۔ ایک اور بڑے کھنڈر کے اوپر ایک عراقی مایوسی اور نامرادی کی حالت میں دکھائی دے رہا ہے۔ کسی تصویر میں پل ٹوٹے ہوئے ہیں کسی میں بڑی بڑی بلڈنگیں منہدم صورت میں نظر آرہی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ عراق کی یہ تباہی ۱۲۵۸ء میں تاتاریوں کے ہاتھوں ہونے والی تباہی سے ہزاروں گنا زیادہ سخت ہے۔

۳۰ اکتوبر ۱۹۹۰ کو ہندو فرقہ پرست بابری مسجد (ایودھیا) کی چہار دیواری توڑ کر اندر داخل ہوگئے اور اس کے گنبدوں پر بھگوا جھنڈا لہرادیا۔ ملک میں وسیع پیمانہ پر فسادات پھوٹ پڑے ۔ اسی کے ساتھ خلیج میں دشمنِ اسلام امریکہ کی فوجیں بہت بڑی تعداد میں جمع ہوگئیں ۔ اب سارے ملک میں "قنوتِ نازلہ" پڑھی جانے لگی ۔ مسلمان ہر طرف اللهم دمر ديارهم کی بد دعا کرنے لگے اور تمام اکابر واصاغر نے اس پر آمین کہنا شروع کر دیا۔ یہ بددعا تمام مساجد اور تمام اجتماعات میں جاری تھی ۔ مگر ۱ جنوری ۱۹۹۱ کو جب خدا کا فیصلہ ظاہر ہوا تو " تدمير ديار" کا عمل کافروں کے بجائے خود مسلمانوں کے اوپر ہو رہا تھا حقیقت یہ ہے کہ اب وہ آخری وقت آگیا ہے کہ مسلمان احتجاج غیر کا طریقہ چھوڑ دیں اور احتساب خویش کا طریقہ اختیار کریں ۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 1991 All issues

Printed page