امامت کا مسئلہ
الرسالہ، اگست ۱۹۹۱، صفحہ ۵
امامت کا مسئلہ
ایک صاحب اپنی بستی کی مسجد کے امام کے خلاف زبردست مہم چلائے ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ امام بدعتی ہے ، اس لیے اس کے پیچھے نماز جائز نہیں۔ وہ صاحب اپنی تمام کوشش کے باوجود امام کو مسجد سے ہٹانے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ اس کے بجائے جو ہوا وہ صرف یہ تھا کہ بستی کے مسلمان دو گروہوں میں بٹ گئے۔ بستی میں مسجد کی رحمتیں اور برکتیں تو نہیں پھیلیں، البتہ پوری بستی نفرت اور اختلاف اور تشدد کا اکھاڑہ بن گئی۔ ایک مثبت عمل منفی نتیجہ پیدا کرنے کا سبب بن گیا۔
ان صاحب سے میری ملاقات ہوئی تو میں نے کہا کہ آپ یہ مسئلہ کیوں کھڑا کیے ہوئے ہیں کہ امام کے پیچھے نماز جائز نہیں۔ جب کہ حدیث میں آیا ہے کہ صلوا خلف كل بر وفاجر (ہر نیک اور بد کے پیچھے نماز پڑھو) میں نے کہا کہ امامت تنظیم کے لیے ہوتی ہے۔ ورنہ نماز کا تعلق آدمی کی اپنی نیت سے ہے۔ جیسی آپ کی نیت ہوگی ویسی آپ کی نماز ہوگی۔ آپ کو چاہیے کہ اپنے اخلاص کو ٹٹولیں نہ کہ امام کی برائیوں کو۔ انھوں نے کہا کہ آپ عالم ہو کر غلط مسئلہ بتا رہے ہیں۔ جو حدیث آپ نے بتائی، اس میں فاجر کے پیچھے نماز پڑھنے کی اجازت ہے، مگر بدعتی کا معاملہ اس سے الگ ہے۔ کیونکہ بدعتی کے پیچھے نماز پڑھنے سے منع کیا گیا ہے۔ چنانچہ دوسری حدیث میں ہے کہ لا تصلوا خلف محدث (بدعتی شخص کے پیچھے نماز نہ پڑھو) میں نے کہا کہ کسی حدیث کو سمجھنے کے لیے صرف اس کے الفاظ جاننا کافی نہیں۔ اسی کے ساتھ تفقہ بھی انتہائی طور پر ضروری ہے۔ یہ صحیح ہے کہ دوسری روایت میں محدث (بدعتی) کے پیچھے نماز پڑھنے سے منع کیا گیا ہے۔ مگر یہ اس وقت کی بات ہے جب کہ انتخاب (choice) محدث اور متبع سنت کے درمیان ہو۔ مگر آپ کے حالات بتاتے ہیں کہ آپ کے لیے محدث اور متبع سنت کے درمیان انتخاب کا موقع نہ تھا، بلکہ آپ کو محدث امام اور مسلمانوں کے باہمی جدال و قتال کے درمیان انتخاب کرنا تھا۔ اور جب حالات کی نوعیت یہ ہو تو محدث امام کو برداشت کیا جائے تا کہ مسلمانوں کو باہمی اختلاف کے شدید تر فتنہ سے بچایا جا سکے ۔ اسلام ایک نتیجہ رخی (result oriented) مذہب ہے۔ اسلام میں آخری حد تک نتیجہ کا لحاظ کیا جاتا ہے۔ اسلام میں صرف وہی اقدام جائز ہے جو بہتر نتیجہ تک پہنچانے والا ہو۔ بہتر نتیجہ پیدا کرنے والا اقدام جتنا ضروری ہے، اتنا ہی ضروری یہ ہے کہ برا نتیجہ پیدا کرنے والے اقدام سے اپنے آپ کو باز رکھا جائے۔
‹ Previous page Next page › Contents of August 1991 All issues