بے نفسی
الرسالہ، ستمبر ۱۹۹۱، صفحہ ۱۴
تھا۔ مگر ناقد صحابی کا معاملہ یہ تھا کہ سخت ترین لفظوں میں تنقید کرنے کے باوجود زیر تنقید صحابی کے شخصی احترام میں ان کے اندر کوئی کمی نہیں آئی۔ اور دوسری طرف زیر تنقید صحابی کا معاملہ یہ تھا کہ اعلیٰ منصب پر ہونے کے باوجود انہوں نے اس سخت تنقید کو برا نہیں مانا۔
یہ صفت اجتماعی زندگی اور اجتماعی اتحاد کے لیے بے حد ضروری ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اس صفت کے بغیر نہ کوئی معاشرہ بہتر معاشرہ بن سکتا اور نہ اس کے اندر اتحاد کا ماحول قائم ہو سکتا ہے۔ مگر یہ قیمتی صفت انتہائی نادر اور انوکھی ہے۔ اور جماعت سطح پر معلوم تاریخ میں صحابہ کے علاوہ کہیں اور پائی نہیں گئی۔
اجتماعی زندگی میں بار بار ایسا ہوتا ہے کہ ایک کو دوسرے کے خلاف بولنا پڑتا ہے۔ یہ بولنا زندگی کی ایک لازمی ضرورت ہے۔ مگر بولنے والا معاملہ کو صاحب معاملہ سے الگ کر کے نہیں دیکھ پاتا۔ اس لیے وہ معاملہ پر تنقید کرنے کے ساتھ صاحب معاملہ سے بیزار بھی ہو جاتا ہے۔ مگر اصحاب رسول اس اعتبار سے ایک تاریخی استثنا تھے۔ اصحاب رسول کے درمیان تنقید کا عام رواج تھا۔ مگر تنقید کرنے والا ہمیشہ "بات" پر تنقید کرتا تھا۔ وہ زیر تنقید آدمی کی شخصیت سے نہ تو متنفر ہوتا تھا اور نہ اس کے احترام میں کوئی کمی کرتا تھا۔
یہی حال زیر تنقید شخص کا بھی تھا۔ وہ سخت سے سخت تنقید کو سنتا تھا۔ مگر وہ تنقید کی ظاہری سختی کو نظر انداز کرتے ہوئے اصل تنقید پر سوچنے لگتا تھا کہ وہ ناقابل قبول ہے یا قابل قبول۔ تنقید کی چوٹ بہت کڑی چوٹ ہے۔ اپنے خلاف تنقید سنتے ہی آدمی کے اندر ایک آگ سی لگ جاتی ہے، مگر صحابہ کرام اس سے بہت بلند تھے۔ صحابہ کا حال یہ تھا کہ وہ نہ صرف اپنے خلاف تنقید کو ٹھنڈے دماغ سے سنتے تھے، بلکہ ناقد کے سخت ترین الفاظ کی بھی انھیں کوئی پروا نہیں ہوتی تھی۔ اس کی وجہ صحابہ کرام کی ربانیت تھی۔ ان کے ایمان نے ان کو ایسی بلند فکری کی سطح پر پہنچا دیا تھا کہ اس کے بعد ہر چیز انھیں ہیچ دکھائی دیتی تھی۔ وہ حقیقت اعلیٰ میں اتنا زیادہ گم ہو چکے تھے کہ وہ نہ ذاتی تعریف سے خوش ہوتے تھے اور نہ ذاتی تنقید پر غمگین ۔ وہ ہر بات پر بات کی حیثیت سے غور کرتے تھے خواہ وہ ان کی پسند کی بات ہو یا ناپسندیدگی کی بات۔ وہ ہر واقعہ کو اس کی اصلیت کے اعتبار سے دیکھتے تھے نہ کہ اس اعتبار سے کہ وہ ان کے موافق ہے یا ان کے خلاف۔
‹ Previous page Next page › Contents of September 1991 All issues