Al-Risala · September 1991 · page 23

سنتِ خداوندی

الرسالہ، ستمبر ۱۹۹۱، صفحہ ۲۳

کا مطلب یہ ہے کہ قانون الہی کے تحت ایسا نہیں ہو گا، نہ یہ کہ باعتبار امکان ایسا نہیں ہو سکتا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان سے دعا کے وقت جو الفاظ نکلے، یا حضرت ابو ہریرہ نے جو بات کہی، ان سے صحابہ کے گروہ کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ اصل یہ ہے کہ صحابہ عام قسم کے انسان نہ تھے۔ یہ ایک منفرد ٹیم تھی جو عرب کے صحرا میں خصوصی اہتمام کے ذریعہ تیار کی گئی تھی۔ اگر یہ انسان ضائع ہو جاتے تو دوبارہ تاریخ وہیں واپس چلی جاتی جہاں وہ صحابہ کے دور سے پہلے تھی۔ قرآن کے مطابق، اللہ تعالیٰ کو یہ مطلوب تھا کہ دنیا سے فتنہ ختم ہو، اور دین خدا وندی کا عالمی اظہار ہو۔ یعنی دنیا سے شرک کے غلبہ کا دور ختم ہو جائے، اور توحید کے غلبہ کا دور قائم ہو جائے۔ یہ تاریخ کا مشکل ترین منصوبہ تھا۔ کیونکہ اس کو مکمل طور پر اسباب کے دائرہ میں انجام دینا تھا۔ یہ گویا ایک خدائی واقعہ کو انسانی سطح پر ظہور میں لانا تھا۔

اس کے لیے ایسے حقیقت شناس انسان درکار تھے جو ایک ہم عصر پیغمبر کو پہچان کر ہمہ تن اس کے ساتھی بن جائیں۔ اس کے لیے ایسے پختہ کردار لوگ مطلوب تھے جو ایک بار عہد کرنے کے بعد پھر کبھی اس سے نہ پھریں، خواہ اس راہ میں ان کا سب کچھ لٹ جائے۔ اس کے لیے ایسا با مقصد گروہ درکار تھا جو مقصد حق کے سوا ہر دوسری چیز کو ثانوی حیثیت دے دے۔ اس کے لیے ایسے بہادر انسانوں کی ضرورت تھی جو چٹانوں سے ٹکرا جائیں اور اس وقت تک نہ رکیں جب تک اپنے مشن کو مکمل نہ کر لیں۔ اس کے لیے ایسے اعلیٰ ظرف افراد درکار تھے جو اختلاف کے باوجود متحد رہیں اور شکایت کے باوجود اپنا تعاون ختم نہ کریں۔

اصحاب رسول اسی قسم کے نادر انسان تھے۔ وہ خاص اسی مقصد کے لیے ڈھائی ہزار سالہ تربیتی کورس کے تحت بنائے گئے تھے۔ اگر ان کے ذریعہ مذکورہ مشن اپنی تکمیل تک نہ پہنچتا تو دوبارہ ایک اور ابراہیمی شخصیت کی ضرورت ہوتی اور تاریخ کو پھر ڈھائی ہزار سال تک انتظار کرنا پڑتا تا کہ مطلوبہ نوعیت کی ایک ٹیم بنے اور اس کو استعمال کر کے خدا کے دین کا عالمی اظہار کیا جائے۔ اصحاب رسول انسانی تاریخ کے وہ منتخب افراد تھے جن کی ذات پر انسانی ارادہ اور خدائی منصوبہ دونوں ایک ہو گیا تھا۔ ایسے افراد تاریخ کے ہزاروں سال کے عمل کے بعد پیدا ہوتے ہیں۔ اگر وہ اپنے مقصد کی تکمیل سے پہلے ختم ہو جائیں تو تاریخ کا سفر رک جائے گا۔

‹ Previous page Next page › Contents of September 1991 All issues

Printed page