Al-Risala · December 1991 · page 22

نصیحت لقمان

الرسالہ، دسمبر ۱۹۹۱، صفحہ ۲۲

تو فور اُس کے اندر عبدیت کا احساس جاگ اٹھتا ہے، وہ اللہ کے آگے اعتراف عجز کے طور پر گر پڑتا ہے۔ اسی کا نام نماز ہے۔ نماز کی حقیقت اللہ کی بڑائی کو مان کر اس کے آگے اپنے آپ کو چھوٹا کر لینا ہے۔ یہ کیفیت آدمی کے دل کے اندر پیدا ہوتی ہے اور نماز اس کیفیت کو خارجی صورت میں متشکل کرتی ہے۔ پھر فرمایا کہ لوگوں کو معروف کا حکم دو اور انہیں منکر سے روکو ، اور جو مصیبت تم کو پہنچے اس پر صبر کرو۔ یہ بے شک ہمت کے کاموں میں سے ہے۔

معروف سے مراد وہ تمام چیزیں ہیں جو پسندیدہ اخلاق کی حیثیت رکھتی ہیں۔ مثلاً ایک دوسرے کی مدد کرنا۔ کمزوروں کے ساتھ نرمی کا برتاؤ کرنا۔ معاملات میں انصاف کا طریقہ اختیار کرنا، لوگوں کے درمیان بھائی اور خیر خواہ کی طرح رہنا۔ دوسروں کے ساتھ وہی سلوک کرنا جو آدمی چاہتا ہے کہ خود اس کے ساتھ کیا جائے۔

منکر سے مراد وہ تمام چیزیں ہیں جو اخلاقی اعتبار سے ناپسندیدہ سمجھی جائیں۔ مثلاً دوسروں کا حق ادا نہ کرنا۔ لوگوں کے ساتھ ظلم اور سرکشی کا رویہ اختیار کرنا ، عہد پورا نہ کرنا ، فخر و غرور یا کینہ وانتقام کی روش پر چلنا ، غصب اور خیانت کو اپنے لئے جائز کر لینا۔ وغیرہ مومن ایک با اصول انسان ہوتا ہے۔ وہ لوگوں کے درمیان اصول پسند انسان کی طرح زندگی گزارتا ہے۔ اسی اصول پسندی کا یہ نتیجہ ہوتا ہے کہ وہ لوگوں کے ساتھ مصالحت آمیز رویہ اختیار نہیں کر پاتا۔ وہ لوگوں کو بتاتا ہے کہ انھیں کیا کرنا چاہئے اور کیا نہیں کرنا چاہئے! کسی کو وہ غلط کام کرتے ہوئے دیکھتا ہے تو اس کو ٹوکتا ہے اور اس کو صحیح کام کرنے کی تلقین کرتا ہے۔ وہ حق پر عمل کرنے کے ساتھ حق کا اعلان بھی کرتا ہے۔ اس کے لئے یہ ناممکن ہو جاتا ہے کہ وہ بھلائی اور برائی کے معاملہ میں غیر جانب دار بن کر رہ سکے۔

اس کام کو صحیح طور پر انجام دینے کے لئے صبر بہت ضروری ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اجتماعی زندگی میں مختلف اسباب سے ایسا ہوتا ہے کہ ناصح کو اپنے مخاطب کی طرف سے تکلیف پہنچتی ہے۔ کبھی اس کی روک ٹوک کی وجہ سے لوگوں میں غصہ پیدا ہو جاتا ہے۔ ایسے وقت میں اگر ناصح رد عمل کا طریقہ اختیار کرے تو اس کے اور مخاطب کے درمیان نزاع کا ماحول قائم ہو جائے گا، اور نزاع کے ماحول میں امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا کام موثر طور پر انجام نہیں دیا جا سکتا۔

‹ Previous page Next page › Contents of December 1991 All issues

Printed page