Al-Risala · May 1992 · page 35

صداقتِ اسیلام

الرسالہ، مئی ۱۹۹۲، صفحہ ۳۵

اسلام کی صداقت کا ایک ناقابل انکار ثبوت یہ بھی ہے کہ اسلامی انقلاب سے جو نظام ات وجود میں آئے، وہ ہمیشہ انسانیت کے لیے مفید ثابت ہوئے۔ اور غیر اسلامی انقلاب سے جو نظام ات وجود میں آئے، وہ ہمیشہ انسانیت کے لیے مضر ثابت ہوئے۔

مثلاً جدید آزاد دنیا میں سائنس، جمہوریت، شہری آزادی وہ چیزیں ہیں جو اسلامی انقلاب کے نتیجہ میں پیدا ہوئی تھیں۔ یہ چیزیں انسانیت کے لیے خیر ثابت ہوئیں۔ اگرچہ غلط استعمال کی بنا پر ان سے انسانیت کو بعض نقصانات بھی پہنچے۔ مگر اصولی اعتبار سے یہ چیزیں سراپا خیر تھیں۔ اس کے برعکس نیشنلزم، کمیونزم، نازی ازم وغیرہ وہ نظام ات ہیں جو غیر اسلامی فکر اور غیر اسلامی انقلاب کے نتیجہ میں ظہور میں آئے۔ یہ چیزیں انسانیت کے لیے سراپا شر ثابت ہوئیں۔ ان کا معاملہ یہ ہے کہ ان کو جتنا زیادہ کامل صورت میں نافذ کیا جائے اتنا ہی زیادہ ان کا نقصان بڑھتا چلا جائے گا۔ ان کے نقصان میں اگر کچھ کمی ہوگی تو صرف اس وقت جب کہ انہیں ناقص صورت میں نافذ کیا گیا ہو۔

آپ پھل دار درخت بوئیں تو اس سے ہمیشہ پھل ہی ملے گا۔ اس کے برعکس اگر آپ کانٹے دار درخت بوئیں تو اس سے ہمیشہ کانٹے نکلیں گے۔ یہی اسلام اور غیر اسلام کا معاملہ ہے۔ اسلام کا جز، یا کل جب بھی زندگی میں رائج کیا جائے گا، وہ زندگی میں تعمیری نتیجے پیدا کرے گا۔ اور غیر اسلام کو جب بھی رائج کیا جائے گا، وہ زندگی میں اپنے تخریبی نتیجے دکھائے گا، خواہ اس کو جزئی طور پر رائج کیا گیا ہو یا کلی طور پر۔ موجودہ زمانہ میں انسان نے فطرت کے مطالعہ سے جو چیزیں دریافت کیں اور جو صنعتی تمدن بنایا وہ قدرت کی نشانیاں تھیں۔ اپنی اصل حقیقت کے اعتبار سے ان کی حیثیت خدا کی نعمت کی تھی۔ مگر موجودہ زمانہ میں انسان کی ذہنی تشکیل کے لیے جو نظریات ظہور میں آئے وہ انسان کے اپنے دماغ کی پیدا وار تھے۔ اس طرح جدید دور ایک تضاد میں مبتلا ہوگیا۔ ذرائع کے اعتبار سے اس کے پاس خدائی ذرائع تھے۔ مگر انسان کے اعتبار سے غیر خدائی انسان۔

اسلام اس تضاد کو ختم کرنے والا ہے۔ اسلام خدا کی طرف سے آیا ہوا دین ہے۔ انسان کو اسلامی فکر پر لے آنا گویا اس کو خدائی انسان بنانا ہے۔ اسلام کے پھیلنے کا مطلب یہ ہے کہ جس طرح ذرائع خدائی ہیں اسی طرح انسان بھی خدائی ہو جائیں۔ اس تضاد کو ختم کرنے ہی میں انسانی فلاح کا راز چھپا ہوا ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 1992 All issues

Printed page