Al-Risala · May 1993 · page 48

نا اُمیدی میں اُمید

الرسالہ، مئی ۱۹۹۳، صفحہ ۴۸

بھارتیہ جنتا پارٹی نے وہ کام کر دیا ہے جو سرسید بھی نہ کر سکے تھے۔ سرسید صرف کچھ مسلمانوں کو تعلیم کی طرف متوجہ کر سکے تھے، بھارتیہ جنتا پارٹی نے عام مسلمانوں کو تعلیم کے راستہ میں ڈال دیا۔ ۱۷ جنوری ۱۹۹۳ کی رات کو دس بجے حیدر آباد سے حبیب بھائی کا ٹیلی فون آیا۔ انھوں نے بتایا کہ ۶ دسمبر کے حادثہ نے حیدر آباد کے مسلمانوں کو ہلا دیا ہے۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ اب مسلمانوں میں واضح طور پر تعمیری ذہن بن رہا ہے۔ ہر آدمی ماضی کی شکایت کرنے کے بجائے مستقبل کی تعمیر کی بات کر رہا ہے۔ لوگ عام طور پر یہ سوچنے لگے ہیں کہ ہمیں جھگڑے والی باتوں کو نظر انداز کر کے تعلیم اور اقتصادیات اور دوسرے ترقی کے میدانوں میں اپنی جدوجہد جاری کر دینا چاہیے۔ اس عمل کو تیز تر کرنے کے لیے حبیب بھائی اور ان کے ساتھیوں نے طے کیا ہے کہ اپنے علاقہ میں الرسالہ کو زیادہ سے زیادہ پھیلا دیں۔

اس گفتگو کے بعد میں اپنے بستر پر سو گیا۔ صبح ساڑھے پانچ بجے دوبارہ ٹیلی فون کی گھنٹی بجی۔ ریسیور اٹھایا تو آواز آئی کہ میں مسز زبیر رضوی ریڈیو اسٹیشن سے بول رہی ہوں۔ ہم لوگوں نے طے کیا ہے کہ دہلی میں مسلم خواتین کی بیداری کا کام کریں۔ اس وقت سب سے زیادہ ضروری بات یہ ہے کہ ہم اپنے بچوں میں تعمیری ذہن پیدا کریں۔ ان کو نفرت اور شکایت والی سوچ سے بچائیں اور ان کے اندر یہ شعور پیدا کریں کہ وہ جھگڑے والی باتوں سے دور رہ کر اپنے مستقبل کی تعمیر کی جدوجہد کر سکیں۔ اس کے مطابق ہم نے آج شام کو دہلی میں مسلم خواتین کا ایک اجتماع رکھا ہے۔ آپ اپنی صاحبزادی ڈاکٹر فریدہ خانم کو وہاں بھیجیں تاکہ وہ اس معاملہ میں ہمارا تعاون کر سکیں۔ یہ ان بہت سے تجربات میں سے صرف دو تجربہ ہے جو ۶ دسمبر کے بعد سے مسلسل سامنے آ رہا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ۶ دسمبر کے واقعہ کو ہندوستان کے مسلمانوں نے ٹریجڈی کے دن کے طور پر نہیں لیا۔ بلکہ اس کو ایک نیا فیصلہ لینے کا دن بنا دیا۔ اب انھوں نے طے کیا ہے کہ مسلم لیڈروں کی دوسروں کے خلاف شکایتی تقریروں اور غیر مسلم انتہا پسندوں کے اشتعال انگیز نعروں کو نظر انداز کر کے ”اپنی تعمیر آپ“ کے اصول پر آگے بڑھیں گے۔ چنانچہ تعلیم کا رجحان مسلمانوں میں بہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔ یہ بلاشبہ ایک صحت مند فیصلہ ہے۔ اور جو لوگ ایسا فیصلہ کر لیں، ان کی ترقی کسی بھی حال میں اور کسی بھی مقام پر رکنے والی نہیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 1993 All issues

Printed page